حضرت آیۃ اللہ آغا سید یوسف الموسوی الصفوی رحمۃ اللہ علیہ 1904ء میں ریاست ِجموں و کشمیر کے مشہور شہر بڈگام میں آغا خاندان میں پیدا ہوئے۔آپ ایک اعلیٰ مذہبی رہنما اور بلند پایہ عالم ِدین تھے۔( تاریخ شیعیان کشمیر)۔آپ کا انتقال 29؍اگست 1982ءکو بڈگام میں ہوا۔اور آپ زیارت سرکار مہدی بڈگام میں دفن کئے گئے۔( تاریخ کشمیر مطبوعہ از راہ اسلام آرگنائزیشن )۔
آپ نے انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کی بنیاد ڈالی۔آپ نے لوگوں کو اسلامی علوم سکھانے کے لئے جامعہ باب العلم ،بڈگام کشمیر کی بنیاد ڈالی۔(تاریخ کشمیر مطبوعہ از راہ اسلام آرگنائزیشن )۔اس حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم سے ہزاروں ایسے طالب علم اور علماء پیدا ہوئے جنھوں نے دین حقہ کی تبلیغ و ترویج میں کافی محنت و مشقت برداشت کی ہے اور ہنوز سلسلۂ تعلیم و تنلیغ زوروشور سے جاری و ساری ہے۔
قابل تحسین و آفرین ہیںبرادر عزیز و محترم دوست حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی (معروف بہ آغا بڈگام) مد ظلہ العالی جن کی زیر قیادت و زعامت و صدارت و ادارت و نظارت وادی ِکشمیر کا مایہ ٔ ناز دینی ادار ہ حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم ،بڈگام آج بھی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کی شاہراہ پر رواں دواں ہے۔ حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی کی سربراہی میں انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیر ارتقا کے منازل طے کرتی رہی ہے ۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے یورپ ، افریقہ ،ایشیاء میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنسوں میں صدر متحرم شریک ہوئے ۔اور عالمی سطح پر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر اور حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم بڈگام کو متعارف کرایا۔
ایسے علمی اداروں ،دینی مدرسوں سے وابستگی و عقیدت مندی اور تاریخی آگہی ہماری روحانی زندگی اور ترقی کی علامت اورضمانت ہیں۔اسی غرض و غایت کے پیشِ نظر ہم نے برادر عزیز آقائی محترم ڈاکٹر مھدی خواجہ پیری دام ظلہ العالی بانی و ڈائریکٹرانٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر،ایران کلچر ہاؤس ،نئی دھلی کی خواہش و فرمائش پر ,,تاریخ مدرسۃ الواعظین لکھنو،، تین جلدوں میں ۔اور ’’تاریخ مدرسہ سلطان المدارس و جامعہ سلطانیہ لکھنو،، تین جلدوں میں او ر ’’تاریخ مدرسہ باب العلم مبارک پور،، ایک جلد میں اور ’’تاریخ جامعہ جوادیہ بنارس ‘‘ایک جلد میں فی سبیل اللہ مرتب و مکمل کیا۔جو ،انٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر،ایران کلچر ہاؤس ،نئی دھلی کی جانب سے زیور طبع سے آراستہ و پیراستہ ہو کر منظر وجود و شہود پر پورے آب و تاب کے ساتھ اپنے جلوے بکھیر رہی ہیں۔
اور اب بفضلِ رب العالمین ،بطفیل ِ ائمۂ معصومین علیہم السلام برادر عزیز و محترم دوست آقائی ڈاکٹر مھدی خواجہ پیری ڈائریکٹر انٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر ،نئی دھلی کے اصرار و فرمائش پر ’’ تاریخ حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم ،بڈگام ‘‘ کی ترتیب و تدوین کا کام شروع کیا ہے۔لہٰذا جن حضرات کے پاس جامعہ باب العلم ،بڈگام کشمیرسے متعلق کوئی بھی معلوماتی مواد ہو ں یا دستاویز موجود ہوں براہِ کرم ہم کو ارسال فرمادیں ،نیز جو حضرات اس حوزہ ٔ علمیہ میں درس و تدریس کے فرائض ایجام دے رہے ہیں یا کبھی انجام دے چکے ہیں،اور جو حضر ات اس جامعہ کے فارغ التحصیل یا تعلیم یافتہ ہوں یا اس کے کسی شعبہ سے ( مثلاً مجلس منتظمہ یا یا دفتری امور، وغیرہ سے)کبھی ماضی میں یا حال میں منسلک وابستہ رہے ہوں وہ اپنے اپنے حالات قلمبند کر کے مع ایک عدد اپنی تصویر کے ہم کو ارسال فرمادیں تا کہ انھیں کتاب میں شامل کیا جا سکے۔ فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
محتاج دعا :
الحاج مولانا شیخ ابن حسن املوی کربلائی، صدرالافاضل،واعظ
حسن ؔاسلامک ریسرچ سینٹر۔حسن منزل۔محلہ محمود پورہ۔ پوسٹ املو ،مبارکپور۔ضلع اعظم گڑھ(یوپی)pin:276404
Mobile:0091-8765110786 E-Mail: ihamilovi@yahoo.com