۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
علامہ اسد اقبال زیدی

حوزہ/ صدر ایس یو سی سندھ نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ مسنگ پرسنز کے معاملے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے اور بالخصوص علامہ فضل عباس کی فی الفور بازیابی کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی نے کہا ہے کہ حکومت فی الفور علامہ فضل عباس کی بازیابی کیلئے اقدامات کرے، ایسے اقدامات اور انسانی حقوق کی پامالی کسی طور قابل قبول نہیں۔

جامع مسجد المصطفیٰ شیخوپورہ کے پرنسپل و امام مسجد علامہ فضل عباس قمی کو ‏لاپتہ کئے جانے کے خلاف صوبائی دفتر سے جاری مذمتی بیان میں صدر ایس یو سی سندھ نے کہا کہ اگر کوئی شہری کسی جرم کا مرتکب ہوا ہے تو اس ملک میں قانون موجود ہے، آئین موجود ہے، عدالتیں موجود ہیں، ایسے فرد یا افراد کو عدالتوں میں پیش کیا جانا چاہیئے، ان پر کیس چلنے چاہیئں نہ کہ کسی کو بھی اٹھا کر غائب کر دیا جائے۔

علامہ سید اسد اقبال زیدی نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات عوام میں اشتعال اور بے چینی کو بڑھاوا دینے کے مترادف ہوا کرتے ہیں، نیز بین الاقوامی طور پر ملک کی بدنامی کا سبب ہوا کرتے ہیں، ہم حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ مسنگ پرسنز کے معاملے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے اور بالخصوص علامہ فضل عباس کی فی الفور بازیابی کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .