حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مغربی آذربائیجان میں ادارہ تبلیغات اسلامی کے ڈائریکٹر حجۃ الاسلام و المسلمین منصور امامی نے ارومیہ یونیورسٹی میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی دوسری برسی کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا: قرآن کریم میں آیا ہے کہ "شیطان نے عہد کیا ہے کہ وہ انسانوں کو گمراہ کرے گا اور ان پر ہر جانب سے حملہ آور ہو گا"۔
حجۃ الاسلام و المسلمین امامی نے کہا: مفسرین نے بیان کیا ہے کہ انسان جب سجدے میں جاتا ہے یا خدا کی بارگاہ میں دعا کے لئے ہاتھ بلند کرتا ہے تو اس وقت وہ شیطان کے شر سے محفوظ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: تمام انسان اپنی زندگی میں کم و بیش شیطان کے محاصرے میں رہتے ہیں۔ خداوند عالم نے انسانوں کو دعا اور عبادت کا حکم دیا ہے تاکہ وہ شیطان کے محاصرے سے آزاد ہو۔
ایران کے صوبہ مغربی آذر بائیجان میں ادارہ تبلیغات اسلامی کے ڈائریکٹر نے کہا: شہید قاسم سلیمانی بندگی اور عبودیت کے ذریعہ شیطان کے محاصرے سے آزاد ہو گئے تھے اور اس چیز کو شہید کی زندگی میں مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔
حجۃ الاسلام و المسلمین امامی نے کہا: ہمارے شہداء اور علماء جہاں بھی مشکل کا سامنا کرتے تو حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے توسل کرتے تھے۔ اسی طرح ابن سینا کہ جو تمام علوم کے ماہر تھے، بیان کرتے ہیں کہ "جب مجھ سے کوئی علمی مسئلہ حل نہ ہوتا تو میں جامع مسجد جاتا اور دو رکعت نماز پڑھتا اور میرا مسئلہ حل ہو جاتا تھا"۔
انہوں نے کہا: اہل بیت علیہم السلام خود بھی اہل عبادت تھے اور انہوں نے ہمیں بھی یہ رستہ دکھایا ہے لہذا جنرل شہید قاسم سلیمانی ایک چھوٹے سے دیہات میں دستۂ عزاداری میں شرکت کیا کرتے اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے۔
حجت الاسلام امامی نے کہا: شہید قاسم سلیمانی نے اس حقیقت کو درک کر لیا تھا کہ بہت ساری مشکلات کا حل صرف حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے ہاتھوں میں ہے۔ حضرت زہرا سلام اللہ علیہاچہاردہ معصومین علیہم السلام میں واحد خاتون معصوم ہیں اور ائمہ معصومین علیہم السلام بھی حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو اپنے لئے حجت قرار دیتے تھے۔
انہوں نے کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا حضرت امام علی علیہ السلام کو خطاب کرکے فرماتی ہیں "میری جان آپ پر قربان ہو جائے" اور اسی طرح ہوا بھی چونکہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے پاس جو کچھ بھی تھا انہوں نے راہِ ولایت میں قربان کردیا۔