۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
مولانا مسرور عباس

حوزہ/ اتحاد المسلمین کے صدر: شہداء اور نظام ولایت فقیہ سے ہماری عقیدت سے فوج بوکھلاہٹ کا شکار ہے جو اب مختلف حربے اور ہتھکنڈے آزماکر ملت تشیع کو اس سے دور رکھنے کی سازشیں رچا رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/اتحاد المسلمین کے صدر، ممتاز عالم دین اور سینئر حریت رہنما مولانا مسرور عباس انصاری نے ملہ بوچھن ماگام میں فوج کی جانب سے امام خامنہ ای اور شہید سلیمانی کی تصاویر کی بے حرمتی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

مولانا نے کہا ہے کہ عالم اسلام بالخصوص ملت تشیع کی ان عظیم الشان ہستیوں کی جانب کسی کی میلی نظر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انصاری نے کہا کہ شہید سلیمانی، امام خامنہ اور دیگر بزرگ ہستیوں سے ہماری عقیدت اور ہمارے جذبات وابسطہ ہیں لہذا ملت تشیع کشمیر ان کی بے حرمتی کو قطعاً برداشت نہیں کرسکتی ہے ۔

مولانا نے کہا کہ شہید سلیمانی اور امام خامنہ کی تصاویر کی بے حرمتی علاقہ میں مسلکی اختلافات بھڑکانے کی ایک سازش تھی جو بےنقاب ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء اور نظام ولایت فقیہ سے ہماری عقیدت سے فوج بوکھلاہٹ کا شکار ہے جو اب مختلف حربے اور ہتھکنڈے آزماکر ملت تشیع کو اس سے دور رکھنے کی سازشیں رچا رہی ہے۔

مولانا انصاری نے کہا کہ فوج کی اس ناپاک سازش، دھمکی اور اشتعال انگیزیوں سے ملت تشیع کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس ناپاک حرکت سے شیعہ برادری بلکہ ملت اسلامیہ کشمیر کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور یہ فوجی تاناشاہی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ماگام کے غیور عوام کی مزاحمت کو سلام پیش کیا اور پر امن مظاہرین پر طاقت کے استعمال کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے سرکاری دہشتگردی قرار دیا۔مولانا نے مجرموں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجرموں کو سزا نہ سنائی گئی تو انجام عبرتناک ہوگا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .