۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
News ID: 377509
18 فروری 2022 - 12:57
سویرا بتول

حوزہ/ کیا علی (ع) کی ولایت آپ سے یہ تقاضا کرتی ہے کہ آپ علی (ع) کی آمد کا جشن رقص، موسیقی اور رقاصؤں پر پیسے نچھاور کر کےکریں؟اگر ہم علی (ع) کی آمد کا جشن اس طرح کریں گے تو ذراسوچیے ہم علی (ع) کے آخری فرزند(یوسف زہرا) کا استقبال کیسے کریں گے؟

تحریر : سویرا بتول

حوزہ نیوز ایجنسی جشنِ مولاٸے کاٸنات پوری دنیا میں بھرپور عقیدت و احترام کےساتھ منایاگیا۔ہرشخص نے ذکرِ صاحبِ سلونی، فاتح خیبر و بدرو حنین اپنے مخصوص انداز میں کیا اور خانوداہ اہل بیت علیہم السلام سے اپنی عقیدت کا بھرپور اظہار کیا۔مولاٸے کاٸنات کی ولادت کا روز جہاں مولا کےمومنین کی ضیافت میں گزرا وہی یہ خلش بھی رہی کہ کسی جشن میں شریک نہ ہوسکے۔ہماری اداسی کو دیکھتے ہوٸے والد صاحب نے نوید سناٸی کہ فلاں جگہ آج مولا کا جشن ہے۔ہم نے فورا گہرے رنگ کا حجاب اوڑھا اور مادرجان جناب فاطمہ زہرا سلام علہیا کا نایاب تحفہ یعنی سیاہ چادر اوڑھ کر جشن میں جانے کےلیے تیار ہوگٸے۔ہم جیسے مولودِ کعبہ کے جشن میں پہنچے ایک معروف ذاکر اہلِ بیت افروز ممبر تھے جنہیں سننے کے لیے مومنین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ابھی ہم کلام پر غور کر ہی رہے تھے کہ ہمارے پاس بیٹھی ہستی نے ہم سے سوال کیاکہ : سنیے کیا آپ جانتی ہیں یہ کس گانے کی طرز ہے؟ مجھے یاد نہیں آ رہا۔

پہلے ہم حیران ہوٸے کہ بھلا کسی گانے کی طرز پر مولا کا ذکر کیونکر ہوسکتا؟پھر ہم نے اُن کی غلط فہمی دور کرنا چاہی کہ ایسا نہیں ہے یہ بہت مشہور ذاکر ہیں اور ہمیں یہاں ذکرِ امام سنتے ایک عرصہ بیت گیا ہے(یہ میرے شہرِ لاہور کی مشہور امام بارگاہ کا احوال ہےجہاں ہم نے آنکھ کھولتے عزاداری سید الشہدا برپا ہوتے دیکھی ہے)

مگر وہ شخصيت بضد تھیں کہ یہ کسی گانے کی طرز ہے پھر اچانک خوشی سے اچھلتے ہوٸے کہا کہ یہ نصرت فتح علی خاں کی کسی قوالی کی طرز ہے۔نصرت فتح علی کے نام پر ہم اچھل پڑے کیونکہ زمانہ جاہلیت میں ہم نےنصرت فتح علی کی کٸی قوالیاں سن رکھی تھیں(یاد رہے ہم اُس دور کو زمانہ جاہلیت سے تعبیر کرتے ہیں جب ہم کافی چھوٹے تھے اور موسیقی کو روح کی غذا سمجھتے تھے مگر خدا کاشکر کہ علمإ حقا کی صحبت نصیب ہوٸی اور اب لہو لعب کوچھوڑےایک عرصہ بیت گیا).ہم نے ذہن پر بہت زور ڈالا ، بالاخر یاد آیا کہ یہ نصرت فتح علی خاں کی قوالی ” کتھے عشق دا روگ نہ لابیٹھی“ تھی۔بس اُس قوالی کا ذہن میں آناتھا کہ پورا وقت اُس قوالی کے Lyrics ہمارے ذہن میں گھومتے رہے۔کاش کہ بات یہاں پہ ختم ہوجاتی تو شاید ہم بھی فراموش کر دیتے مگر تھوڑی دیر بعد بھرپور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔اتنے بڑے پیمانے پر فاٸر ورکس کا اہتمام کیا گیا کہ ایک لمحہ کو ہمیں لگا کہ شاید مولاٸے متقیان کو ہمارے تقوی کی نہیں بلکہ اِس سب کی ضرورت ہے۔پھر ٤٠ پاٶنڈذ کا کیک ہپی برتھ ڈے مولا کے نعروں میں کاٹا گیا۔وہ علی ع جو اپنےہاتھوں سے اپنے جوتے سیتے تھے اور کہا کرتے تھے کہ اس دنیا کی قیمت میرے پھٹے جوتے کے برابر بھی نہیں آج اُسی علی (ع) کے نام لیوا علی (ع) کے نام پر اس قدر اسراف کر رہے ہیں، اس قدر دنیاپرستی میں مشغول ہیں اورمزید ستم یہ کہ یہ سب علی (ع) کے نام پر ہورہا ہے۔ وہ علی ع جو آسمان کے راستوں کو زمین کے راستوں سے زیادہ جانتے ہیں کیا اُنکے ذکر کا حق واٸلن پر رقص کرکے ادا کیا جاسکتا ہے؟ کیا علی (ع) نے دین کے لیے اتنی زحمات اس لیے اٹھاٸیں؟کیا یہ دینِ الہی کا تمسخر نہیں؟

یہ سب دیکھ کر طبعیت حد درجہ بوجھل ہوٸی اور ہم کافی مایوسی کے ساتھ گھر پلٹے۔گھر آکر مولا سے معافی بھی مانگی کہ آپ کا ذکر سننے گٸے تھے نہیں علم تھا کہ یہ سب دیکھنےکو ملے گا۔یہ سب احوال ایک عزیز دوست کوسنایاتو انہوں نے کٸی واقعات اس سے ملتے جلتے گوش گزار کیے۔ہمیں بتایا گیا کہ قوالی تو دور یہاں آٸٹم سونگز کی طرز پہ قصیدے بناٸے جاتےہیں ۔ایک جگہ پیغمبرِ اسلامﷺ کی حدیث پڑھی تھی کہ میرے ممبر پر بندر نما لوگ بیٹھیں گے آج یہ سب سچ ہوتا دیکھ بھی لیا۔ہماری عزیز ہستی نے ہمیں چند ویڈیوز کے لنک بھی ارسال کیے جنکااحوال آپ بھی سنیے۔ایک ویڈیو میں ایک مشہور ذاکر اور عزادار ایک خاتون پر پیسے نچھاور کرتے دیکھاٸی دٸیے گٸے اور مجمع قوالی میں مست تھا۔ایک جگہ واٸلن پر گانوں کی طرز پرقصیدوں کی محفل جمی تھی۔چند وڈیوز میں خواتین نظر آٸیں، فل میک اپ ، چمکیلے حجاب اور جدید نقوش سے آراستہ نیم حجاب میں پہاڑوں پر ذکر علی کرتی دیکھاٸی دیں۔

کیا خوب میک اپ کرکے، چمکیلے حجاب میں علی (ع) کا ذکر کرنا علی (ع) کو ایذا دینے کے مترادف نہیں؟ وہ علی (ع) کے جنکی دختر نے دربارِ یزید میں لہجہ علی میں کلام کیا، کیاوہ اس عمل سے راضی ہوں گی؟کیا حلالِ محمدی کو حرامِ محمدی میں تبدیل نہیں کیا جارہا؟ مولا کو آپکا ٨٠ پاٶنڈذ کا کیک چاہیے، آتش بازی یا واٸلن پہ رقص ؟ وہ علی (ع) جو حالتِ سجدہ میں مناجات کرتے ہوٸے کہتے ہیں کہ اے مولا تو خالق ہے اور میں تیری مخلوق۔اور مخلوق پر خالق کے سوا کون رحم کرسکتا ہے؟ کیا وہ علی (ع) پسند کریں گے کہ ایسی منقبتیں پڑھی جاٸیں جن میں سے نصیریت کی بو آتی ہو؟کیایہ علی (ع) جیسی ہستی پہ ستم نہیں؟ کیا علی (ع) کی ولایت آپ سے یہ تقاضا کرتی ہے کہ آپ علی (ع) کی آمد کا جشن رقص، موسیقی اور رقاصؤں پر پیسے نچھاور کر کےکریں؟اگر ہم علی (ع) کی آمد کا جشن اس طرح کریں گے تو ذراسوچیے ہم علی (ع) کے آخری فرزند(یوسف زہرا) کا استقبال کیسے کریں گے؟

یاد رہے کہ ایسے دین کا تمسخر کرنے والو کا مکتب اہل بیت سے کوٸی تعلق نہیں اور تحریر کا مقصد ہرگز کسی مومن پر تنقید کرنایادل آزاری کرنا نہیں۔پرودگار عالم ہم سب کو حقیقی معنی میں اہل بیت علیہم السلام کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا کرے۔ وماعلینا الاالبلغ المبین۔

نوٹ: حوزہ نیوز پر شائع ہونے والی تمام نگارشات قلم کاروں کی ذاتی آراء پر مبنی ہیں حوزہ نیوز اور اس کی پالیسی کا کالم نگار کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .