حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق؍یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر جمعہ کو پرانا لکھنؤ واقع روضہ نیو نجف سے جلوس شبیہ تابوت امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام (عرف عام میں حسن مرزا کا تابوت) شان و شوکت کے ساتھ ہزاروں سوگواروں کی آہ و بکا و گریہ و زاری کے درمیان برآمد ہوا۔
کووڈ وباء کی وجہ سے یہ تاریخی جلوس گزشتہ دو برسوں سے ملتوی ہوتا رہا ہے۔ جلوس میں کثیر تعداد میں خواتین و مومنین نے شرکت کرتے ہوئے مولا کے تابوت کی زیارت کی اور پرسہ پیش کیا۔
پولیس انتظامیہ نے اپنی نگرانی میں پر امن طریقے سے جلوس کو اس کے مقصد تک پہنچنے میں بھرپور تعاون کیا ، نماز فجر کے بعد مولانا یعسوب عباس نے مجلس کو خطاب کیا اور پھر اندرون خانہ کثیر تعداد میں موجود خواتین کی روتی بلکتی ماتمی صداؤں کے درمیان شبیہ تابوت کو برآمد کیا گیا۔
جلوس تقریباً پانچ کیلومیٹر کا راستہ تقریباً چھ گھنٹے میں طئے کرکے کربلا تال کٹورہ میں روضۂ مولا علیؑ میں کثیر تعداد میں موجود مؤمنین کی موجودگی میں تابوت کو دفن کیا گیا۔