حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کارگل،لداخ/ شہادتِ حضرت شہزادہ قاسم علیہ السّلام کی یاد میں مؤرخہ 6 محرم 1446ھ کو مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی (IKMT) کارگل، لداخ کے زیرِ اہتمام "روزِ جواناں" کے عنوان سے ایک پُر وقار جلوسِ عزاء نکالا گیا، جس میں مطہری پبلک اسکولز کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
تصاویر دیکھیں:
جلوس کے شرکاء صبح 9 بجے نیو ٹیکسی اسٹینڈ، کارگل پر جمع ہوئے، جہاں کارگل ٹیکسی آپریٹرز یونین کی جانب سے طلبہ میں تبرکات تقسیم کی گئیں۔ جلوس میں ایک گروہ برادران کا اور ایک گروہ خواهران پر مشتمل تھا، جو صبح 10 بجے نیو ٹیکسی اسٹینڈ سے روانہ ہوا۔ جلوس عزاء میں علمِ مبارک کے ساتھ فلسطین کے پرچم، رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کی تصاویر اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت میں پوسٹرز بھی لیے گئے تھے۔ شرکاء نوحے پڑھتے اور سینہ زنی کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا) کو امام حسین علیہ السلام کا پرسہ پیش کرتے ہوئے شہر کے مرکزی راستوں سے گزرتے ہوئے حسینی پارک، محرم پنڈال تک پہنچے۔
جلوس کے مختلف مقامات پر طلبہ اور مقررین نے حضرت قاسم علیہ السّلام کی قربانی پر روشنی ڈالی، جنہوں نے صرف 13 سال کی عمر میں امام حسین علیہ السلام کے ساتھ مل کر ظلم و ستم کے خلاف جان کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے غزہ کے مظلوم بچوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ظالم قوتوں کی شدید مذمت بھی کی۔
تقریباً 1500 طلبہ و اساتذہ پر مشتمل اس جلوس میں نظم و ضبط کے بہترین مناظر دیکھنے کو ملے۔ باقریہ ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ سینٹر (IKMT) اور محکمۂ صحت کارگل کی جانب سے پیرا میڈیکل اسٹاف، طبی کیمپس اور ایمبولینس کی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ محکمہ PHE نے پینے کے پانی کا باقاعدہ انتظام کیا۔
اس کے علاوہ بسیجِ امام (IKMT) کے رضاکاروں نے جلوس کے دوران نظم و ضبط قائم رکھنے، پانی کا چھڑکاؤ اور دیگر سہولت کاری کے فرائض نہایت مؤثر انداز میں انجام دیے۔
آخر میں چیئرمین مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی کارگل نے تمام اداروں، محکموں، اسکولز، اساتذہ، میڈیا اور والنٹیئرز کا شکریہ ادا کیا اور اس پُر وقار جلوس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔









آپ کا تبصرہ