پیر 7 جولائی 2025 - 22:54
سورو ویلی کارگل لداخ میں یومِ عاشوراء کا جلوس برآمد؛ رہبرِ انقلاب کی حمایت کا اعلان/کربلا قربانی، صبر، استقامت اور حق کی فتح کی ایک روشن مثال: آقا سید محمد رضوی

حوزہ/سورو ویلی کارگل لداخ میں یومِ عاشوراء کا عظیم الشان جلوس برآمد ہوا، جس میں ہزاروں مؤمنین نے شرکت کر کے شہدائے کربلا کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس موقع پر مزاحمتی محاذ کی فتح و کامرانی اور خاص طور پر رہبرِ انقلابِ اسلامی کی صحت و طول عمر کے لیے دعا کی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ صاحبِ زمان عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف کے زیرِ اہتمام سانکو اور سورو ویلی کارگل لداخ میں یومِ عاشوراء انتہائی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر مزاحمتی محاذ کی فتح و کامرانی اور خاص طور پر رہبرِ انقلابِ اسلامی کی صحت و طول عمر کے لیے دعا کی گئی۔

تیسرو میں عاشوراء کا مرکزی جلوس مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا آستانہ عالیہ پر اختتام پذیر ہوا، جہاں حجت الاسلام والمسلمین آقا سید محمد رضوی نے فلسفۂ عاشوراء پر تفصیل سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ عاشوراء ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار اصحاب کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید بن معاویہ کی بیعت سے انکار کرتے ہوئے حق و باطل کی اس معرکہ آرائی میں جامِ شہادت نوش کیا۔ آپ کے ساتھ 72 وفادار اصحاب نے بھی دین اسلام کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آقا سید محمد رضوی نے مزید کہا کہ یہ عظیم واقعہ کربلا میں پیش آیا، جس نے قربانی، صبر، استقامت اور حق کی فتح کی ایک روشن مثال قائم کی۔ قیامِ عاشوراء ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم دین کو بچانے کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں؛ ظلم کے خلاف ڈٹ جائیں اور صبر و استقامت کے ساتھ خدا پر کامل بھروسہ رکھیں۔

آخر میں زیارتِ عاشوراء کی تلاوت اور بالخصوص رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی طولِ عمر، اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی اور مظلوم فلسطینی عوام کی نصرت کے لیے دعا کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha