ہفتہ 15 فروری 2025 - 21:12
انقلاب اسلامی ایران، پیش خیمہ ظہور منجی عالم بشریت

حوزہ/ حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر محمد صادق سنگی نے کہا کہ اسلامی تمدن کی احیاء اور دشمن کے مقابلے میں مزاحمت، حکومت مہدوی کی تشکیل کے بنیادی عوامل ہیں۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ/ انجمنِ صاحب الزمان کارگل-لداخ ہندوستان کے شعبہ قم کی جانب سے انقلاب اسلامی کی کامیابی کی 46 ویں سالگرہ اور حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت کے موقع پر "انقلاب اسلامی، پیش خیمہ ظہور منجی عالم بشریت" کے عنوان سے ایک باوقار سیمنار منعقد ہوا۔ اس تقریب میں حوزہ علمیہ قم میں زیر تعلیم لداخی علماء اور طلاب کے ساتھ ساتھ زائرین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر موضوع کے حوالے سے مقررین نے اپنی تقریریں پیش کیں، جبکہ منقبت خواں حضرات نے امام زمانہ (عج) کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

انقلاب اسلامی ایران، پیش خیمہ ظہور منجی عالم بشریت

اس سیمنار میں المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے امور تربیتی کے ڈائریکٹر جنرل حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر محمد صادق سنگی نے مہمانِ خصوصی اور خطیب کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں انقلاب اسلامی اور ظہور امام مہدی (عج) کے موضوع کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا: "آج ہم سب ایک عظیم اسلامی تمدن اور حکومت مہدوی کے انتظار میں ہیں۔ اس کے لیے ہمیں متحرک ہونا ہوگا اور ظہور امام زمانہ (عج) کے لیے زمینہ فراہم کرنا ہوگا۔ معاشرے کے خواص اور عوام کو اسلامی تہذیب کی احیاء کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہمارا دشمن کس طرح ہم پر مسلط ہونے کی کوشش کر رہا ہے اور کس قدر وہ ہمارے مقابلے میں طاقتور ہو چکا ہے۔ جبکہ صدر اسلام یا چوتھی اور پانچویں صدی میں صورت حال اس کے برعکس تھی۔ اس وقت دشمنان اسلام کمزور تھے، اور دنیا کے ایک بڑے حصے پر مسلمان حکومت کر رہے تھے۔ اسلام ثقافت اور عزت کے اعتبار سے بہت آگے تھا، اسی لیے دشمن ہم پر ظلم کرنے کی جرات نہیں رکھتے تھے۔

آج ہماری سب سے بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ ہم اپنے ضعیف شدہ تمدن اور تہذیب کو دوبارہ زندہ کریں۔ یہ تب ممکن ہوگا جب ہم آگاہانہ طور پر میدان میں ثابت قدم رہیں اور دشمن کے سامنے پسپائی اختیار نہ کریں۔"

انہوں نے مزید کہا: "ہمیں حضرت امام خمینی (رہ) اور نظام مقدس جمہوری اسلامی ایران کے قدردان رہنا چاہیے۔ ان کی بدولت آج اسلام کو پھلنے پھولنے کا موقع ملا ہے، اور اسلامی تمدن کی احیاء کے لیے زمینہ فراہم ہوا ہے۔ انقلاب اسلامی آج اس تمدن کی احیاء کے سلسلے میں کافی آگے بڑھ چکا ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بقول، یہ کامیابی کی اونچی چوٹی کو سر کرنے کے قریب پہنچ چکا ہے۔

یہ ایک طبیعی عمل ہے کہ جو پہاڑ کی چوٹی کے قریب پہنچ جائے، اسے زیادہ تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے۔ لہٰذا، اسے مزید آگے بڑھنے کے لیے حوصلے اور توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ آج ہر مسلمان پر ضروری ہے کہ وہ اس خط شکن علمبردار کو حوصلہ دیں، اسے توانائی فراہم کریں، اور ہر ممکن طریقے سے اس کی حمایت کریں۔ اگر انقلاب اسلامی کامیابی سے ہم کنار ہو گیا اور تمدن اسلامی کے مقدمات فراہم کرنے میں کامیاب ہوا، تو اس کا ثمرہ دنیا کے تمام انسانوں کو ملے گا۔ یہ عظیم اسلامی تمدن کی احیاء، درحقیقت ظہور منجی عالم بشریت کی پیش خیمہ ہے۔

انقلاب اسلامی ایران، پیش خیمہ ظہور منجی عالم بشریت

جب امام زمانہ (عج) ظہور فرمائیں گے، تو وہ اس کھوئی ہوئی اسلامی تہذیب کو دوبارہ زندہ کریں گے اور حکومت اسلامی تشکیل دیں گے۔ یہ وہی وعدہ الٰہی ہے کہ اللہ نے فرمایا: 'ہم مستضعفین کو زمین کا وارث اور امام بنائیں گے۔'"

یاد رہے کہ سیمینار کے اختتام پر تنظیم کے شعبہ نشر اشاعت کی جانب سے شائع ہونے والا سالنامہ "مجلہ الکوثر شمارہ 3" اور دیگر نشریات و کتابوں کی رسمِ نقاب کشائی بھی عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر بہترین تخلیق کاروں اور مصنفین کو لوحِ سپاس اور ہدیہ پیش کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha