حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمیعت العلماء اثناء عشریہ کرگل (JUIAK) کے شعبہء ماحولیات ال-حمیٰ لایا گرین مشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے زیر اہتمام "ایک لاکھ شجرکاری مہم 2025" کے پانچویں مرحلے کا کامیابی سے آغاز علاقہ سورو کی سیاحتی مقام دامسنا میں 4 مئی 2025 کو کیا، جہاں ایک ہی دن میں 38,000 درختوں کی شجرکاری کی گئی، جن میں 30,000 بید اور 8,000 سی بَک تھورن شامل تھے۔
ممبر پارلیمنٹ لداخ، جناب حاجی محمد حنیفہ جان نے بطور مہمانِ خصوصی اس شجرکاری پروگرام میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں رکن پارلیمان نے اس اقدام کو "ہمالیائی خطے میں ایک تاریخی اور بے مثال قدم" قرار دیا۔
حاجی حنیفہ جان نے کہا کہ "یہ مہم جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کی ماحولیاتی ذمہ داری اور وابستگی کو ظاہر کرتی ہے۔ ایک لاکھ درختوں کی شجرکاری موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور ماحولیاتی توازن کی بحالی کی جانب ایک طاقتور قدم ہے۔"
رکن پارلیمنٹ حنیفہ جان نے جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے صدر حجت الاسلام شیخ ناظر مہدی محمدی کی قیادت کو سراہا اور انہیں ایک با بصیرت اور دور اندیش رہنما قرار دیا، جن کی ماحولیاتی وابستگی ایک پائیدار ورثہ چھوڑے گی۔ انہوں نے اس مہم کو سالانہ بنیاد پر جاری رکھنے کی مکمل حمایت کا وعدہ بھی کیا اور ہر ممکن مدد کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا۔
حجت الاسلام شیخ ناظر مہدی محمدی نے انجمن صاحب الزمان سانکو سورو، مرکز تبلیغات امام رضا سانکو ، انجمن انقلابِ مهدی سورو، اور بسیجِ بقیة اللہ انجمن صاحب الزمان (عج) کے رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کی۔ انہوں نے لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر بی ڈی مشرا، اور کرگل کے ضلعی انتظامیہ، بالخصوص ڈپٹی کمشنر شری کانت سوسے کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشن کی کامیابی میں ایک کلیدی کردار ادا کیا۔
شیخ ناظر مہدی محمدی نے مزید کہا کہ "جب موسمیاتی تبدیلی لداخ کے انوکھے ماحول کو خطرے میں ڈال رہی ہے، تو ایسے اقدامات نہ صرف ضروری بلکہ فوری نوعیت کے حامل ہیں۔"
سابقہ ایگزیکٹیو کونسلر و سماجی کارکن اور انجمن صاحب الزمان کے اہم رکن سید عباس رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"یہ شجرکاری مہم کرگل کے لئے ایک تاریخی لمحہ ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "شیخ ناظر مہدی محمدی کی قیادت نے پائیدار ترقی اور ماحولیاتی اقدامات کا ایسا ماڈل پیش کیا ہے جو لداخ کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔"
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ مہم ایک وقتی اقدام نہیں رہے گی بلکہ سالانہ روایت بنے گی، اور اس کے نتائج کی نگرانی و تحقیق ال-حمالایا گرین مشن اینڈ ریسرچ سینٹر کرے گا تاکہ پودوں کی بقاء اور ماحولیاتی اثر کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس شجرکاری مہم میں ہزاروں رضاکاروں کے ساتھ محمد علی، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (DFO) کرگل (خصوصی مہمان)، حجت الاسلام شیخ مسلم صادقی نائب صدر انجمن صاحب الزمان، حلقہ انتخاب تے سورو کے کونسلر عبد الہادی، حلقہ انتخاب پرکاچک کے کونسلر سید عین الہدی، مرکز تبلیغات امام رضا سانکو کے چیئرمین حجت الاسلام والمسلمين سید صادق رضوی، انجمن انقلاب مہدی سورو کے نمائندہ سید حسن موسوی، سابقہ ایکزیکٹیو کونسلر سید عباس رضوی، علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل، سماجی رہنما، طلباء، بسیجِ بقیة اللہ انجمن صاحب الزمان کے رضاکار، انصار المہدی جمعیت العلماء اثنا عشریہ، خدمتگزران اہل البیت جمعیت العلماء اثنا عشریہ اور دیگر تنظیموں کے رضاکاروں و عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھیں۔
یہ عوامی سطح کی مہم ہزاروں مقامی افراد، طلباء، مذہبی و سماجی تنظیموں، حکومتی محکموں اور سول سوسائٹی کو ایک ساتھ لا کر کرگل کو ہمالیائی خطے میں ماحولیاتی اصلاحات کی قیادت میں صفِ اول میں لے آئی ہے اور یہ بات قابلِ ذکر بھی ہے کرگل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل اور انجمن صاحب الزمان سانکو سورو نے مل کر ایک پروگرام کو منعقد کیا جس میں جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل اور انمجن صاحب الزمان کے شعبۂ جوانان انصار المہدی، خدمتگزرانِ اہل البیت اور بسیجِ بقیۃ اللہ نے مل کر پورے انتظامات کئے اور بہترین انداز میں شجرکاری مہم کا پانچواں مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
ال-حمیٰ لایا گرین مشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے کوآرڈینیٹر غلام محمد خان نے اس شجرکاری مہم کی پروگرام میں نظامت کے فرائض انجام دیئے، جبکہ ال-حمیٰ لایا گرین مشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے دیگر ممبران کاچو حمید خان اور لیاقت علی نے مہمانان خصوصی اور دیگر معزز مہمانوں کا روایتی کھتق پہنا کر استقبال کیا۔









آپ کا تبصرہ