حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 13 ویں محرم الحرام 1447ھ کی مناسبت سے انجمنِ صاحبِ زمان (ع) کے زیرِ اہتمام سانکوہ اور سورو میں مجالسِ سوگواری اور جلوسِ عزاداری کا انعقاد کیا گیا۔ سورو ویلی کا سب سے بڑا جلوس مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا استانہ عالیہ پر اختتام پذیر ہوا، جہاں خصوصی مجلسِ عزا منعقد ہوئی۔
اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید محمد رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13 محرم الحرام واقعہ کربلا کے تناظر میں اسلامی تاریخ میں ایک اہم دن ہے، اگرچہ 10 محرم (یومِ عاشوراء) کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، تاہم 13 محرم بھی اہلِ بیتؑ سے محبت رکھنے والوں کے لیے خاص مقام رکھتا ہے، کیونکہ یہ دن دفنِ شہدائے کربلا سے منسوب ہے۔
آغا سید محمد رضوی نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا کے بعد شہدائے کربلا کے جسدِ مطہر تین دن تک میدان میں بے گور و کفن پڑے رہے۔ 13 محرم کو قبیلہ بنی اسد نے امام زین العابدین علیہ السّلام کی رہنمائی میں شہداء کو باعزت طریقے سے دفن کیا؛ یہ منظر کربلا کے غمناک ترین واقعات میں سے ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی مختلف علاقوں میں 13 محرم کو مجالسِ عزاء اور ماتمی جلوس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
مجلس کے اختتام پر آغا سید عباس رضوی نے تمام مؤمنین و مؤمنات کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر انہوں نے خصوصاً الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا، انجمنِ صاحبِ زمان عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف کی میڈیا ٹیم، آغا سید علی آغا اور لیاقت علی کا شکریہ ادا کیا۔
آقا سید محمد رضوی نے حوزہ نیوز ایجنسی کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جس نے محرم الحرام کے دوران انجمنِ صاحبِ زمان کی تمام مجالس کو اپنے پلیٹ فارم پر اجاگر کیا۔انہوں نے حوزہ نیوز کے ایڈیٹر اور تمام کارکنان کی خدمات کو سراہا۔
آخر میں رہبر معظم آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای، جمہوری اسلامی ایران، مظلومینِ عالم اور تمام مؤمنین و مؤمنات کے لیے دعائے خیر اور دعائے امامِ زمانہؑ کے ساتھ مجلس کا اختتام ہوا۔









آپ کا تبصرہ