ہفتہ 15 فروری 2025 - 13:31
دہلی میں جشنِ میلادِ امام مہدی (عج) اور حرمِ حضرت معصومہ قم (س) کے پرچم کی زیارت

حوزہ/ جامعہ اہل البیت (ع) دہلی میں جشنِ میلادِ امام مہدی (عج) کا انعقاد، حرمِ حضرت معصومہ قم (س) کے خادمین سے ملاقات، اور متبرک پرچم کی زیارت ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ۱۵ شعبان المعظم کی مناسبت سے دہلی میں مقیم کارگل کے طلبہ کی انجمن نے امام مہدی (عج) کی بابرکت ولادت کے موقع پر جامعہ اہل البیت (ع) دہلی میں ایک شاندار جشن کا اہتمام کیا۔ یہ پرنور محفل نماز مغرب و عشاء کے بعد منعقد ہوئی، جس میں طلبہ، یونیورسٹی کے اساتذہ، علمائے کرام، اور کارگل سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مؤمنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تصاویر دیکھیں:

دہلی میں جشنِ میلادِ امام مہدی (عج) اور حرمِ حضرت معصومہ (س) قم کے پرچم کی زیارت

تقریب میں حجۃ الاسلام والمسلمین سید قاضی عسکری (سرپرست جامعہ اہل البیت (ع)، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ حسن جہانگیری (حرم حضرت معصومہ قم (س) میں غیر ایرانی شعبہ کے مسئول)، مولانا سید شفی حیدر رضوی، اور مولانا شیخ جواد حبیب جیسی ممتاز شخصیات کی موجودگی نے محفل کو علمی و روحانی رنگ سے مزین کر دیا۔

جشن میں مختلف روح پرور پروگرامز پیش کیے گئے، جن میں تلاوتِ قرآنِ کریم، امام مہدی (عج) کی شان میں اشعار و قصائد، اور علمی و فکری خطابات شامل تھے۔ مقررین نے ظہورِ امامِ عصر (عج) کے لیے نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالی اور انتظارِ فرج کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

تقریب کا ایک خاص اور روحانی لمحہ متبرک پرچمِ حرم حضرت معصومہ (س) کی زیارت تھا، جس نے حاضرین کے دلوں میں عشق و عقیدت کی لہر دوڑا دی۔ یہ جشن شرکاء کی بھرپور شرکت اور جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوا، جہاں معنویت، محبت اور امید کی فضاء چھائی رہی۔

مقررین نے شعور و معرفت کے ساتھ امام مہدی (عج) کے انتظار کی اہمیت پر زور دیا اور اس عظیم مقصد کے لیے تیاری کی ضرورت کو واضح کیا۔ تقریب کا اختتام دعا برائے تعجیلِ ظہورِ امامِ عصر (عج) پر ہوا۔ یہ بابرکت محفل نہ صرف دینی شعور کو اجاگر کرنے کا سبب بنی، بلکہ طلبہ اور علمائے کرام کے درمیان علمی و فکری روابط کو مزید مستحکم کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha