حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ روحانیت بلتستان شعبۂ خواتین کے زیرِ اہتمام حسینیہ بلتستانیہ میں دختر رسول، سیدہ کونین حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے ایک عظیم اور روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
جشن کا آغاز تلاوتِ کلامِ الٰہی سے ہوا، جس کے بعد مختلف طالبات اور گروہوں نے قصائد اور سرود پیش کیے۔
محفل کی مہمانِ خصوصی محترمہ معصومہ موسوی نے جشن سے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا اور خواتین کی دینی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔
جشن کے دوران خطبۂ فدکیہ کی قرأت میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
انعامات صدر جامعہ روحانیت بلتستان، حجۃ الاسلام شیخ علی نقی جنتی، حجۃ الاسلام سید حامد علی شاہ رضوی اور جامعہ روحانیت کے شعبۂ تعلیم کے سربراہ شیخ گلزار محمدی کے ہاتھوں تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر دو معلمات کی نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی خصوصی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
جامعہ روحانیت بلتستان شعبۂ خواتین کی جانب سے ایسے بابرکت اجتماعات کا انعقاد خواتین میں دینی شعور بیدار کرنے اور اسلامی اقدار کو فروغ دینے کی ایک عمدہ کوشش ہے۔
آپ کا تبصرہ