حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش آج پاکستان بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر کراچی سمیت پاکستان کے دیگر صوبوں اور شہروں میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، بانی پاکستان کے یومِ پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب مزار قائد اعظم پر منعقد ہوئی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق وچوبند دستوں نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
اس سے پہلے، پاکستان کی فضائیہ کے جوان مزار قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
بابائے قوم کے یومِ پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئیر وزیر شرجیل میمن، صوبائی کابینہ کے ارکان، عسکری و سول حکام سمیت اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی۔
کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے موقع پر گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹسوری کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کی مادر وطن کے حصول کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، ہم نے پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنانا ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں اپنی منزل کے حصول کے لیے محنت اور لگن سے کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اسٹاک مارکیٹ مسلسل اوپر جا رہی ہے اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی لائی گئی ہے۔ بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان معاشی طور پر خوشحال ہو۔
صوبۂ سندھ کے وزیر اعلیٰ جناب مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے پاکستان کی صورت میں ہمیں پیارا ملک دیا، موجودہ حکومت صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی لیڈرشپ میں پوری کوشش کر رہی ہے کہ ملک کے اندر معاشی، سیاسی اور امن و امان کی صورتحال بہتر رکھی جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج کے دن مسیحی برادری کو کرسمس کا تہوار منانے پر مبارکباد دیتا ہوں، قائد اعظم نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان میں اقلیت برادری اپنے مذہب پر عمل پیرا ہوسکتے ہیں۔
قائد اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر صوبۂ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی الگ ریاست کے تصور کو حقیقت کا روپ دیا، ان کی دانشمندانہ قیادت اور انتھک جدوجہد کے نتیجے میں مملکت خدا داد پاکستان معرض وجود میں آئی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آج ہم جس آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں، یہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور سیاسی بصیرت کی مرہون منت ہے، پاکستان کے قیام کا مقصد برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام صرف اسی وقت ممکن ہے، جب ہم قائد اعظم کے افکار کو اپنے قومی کردار کا حصہ بنائیں۔ قائد اعظم کے نقشِ قدم پر پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق، قائد اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے پاکستان بھر میں سیمینار، کانفرنسز اور دیگر تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔
ان تقریبات میں قائد اعظم محمد جناح کو ان کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد اور خود مختار پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے کی گئی جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے اس موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کے مسئلہ فلسطین پر واضح مؤقف کے ساتھ تجدیدِ عہد کرتے ہوئے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ پوسٹس کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ