حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ روحانیت کے شعبۂ تعلیم و تربیت کی جانب سے عملی فقہ کے نام سے ایک اہم کورس کا افتتاح ہوا ہے۔
یہ فقہی کورس، چار ہفتوں تک مسلسل جاری رہے گا، جس میں مختلف فقہی اور اقتصادی موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
اس کورس کے استاد، آیت اللہ شیخ محمد باقر مقدسی ہیں۔
عملی فقہی کورس کا باقاعدہ آغاز ایک خصوصی تقریب سے ہوا، جس میں آیت اللہ باقر مقدسی نے جامعہ روحانیت کے گروہ مصنّفین کے برادران کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا۔
واضح رہے مصنّفین کا گروہ کئی سالوں سے جامعہ روحانیت بلتستان کے تعلیمی نصاب کی تصنیف میں مصروف ہے اور ان کی محنت و کاوشوں کی بدولت الحمد للہ پرائمری تک کی اسلامیات کی کتابیں اپنے آخری مراحل میں ہیں۔
آیت اللہ شیخ محمد باقر مقدسی نے فقہی کورس کی پہلی کلاس میں، زمین کی ملکیت سے متعلق دنیا کے چار بڑے مکاتب فکر سوشلزم، کمیونزم، مارکسزم اور کیپٹلیزم کے بنیادی نظریات کا جامع جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے ان نظریات کا اسلامی اقتصادی نظام کے ساتھ تقابلی تجزیہ پیش کرتے ہوئے خالصہ سرکار کے اہم فقہی موضوع پر بھی روشنی ڈالی۔
آیت اللہ مقدسی نے طلاب کو شہید باقر الصدر رحمۃ اللّٰہ علیہ کی معرکہ الآراء کتاب اقتصادنا کے مطالعے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب اسلامی اقتصادی نظریات کو سمجھنے میں نہایت مددگار ثابت ہوگی۔
جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر نے آیت اللہ باقر مقدسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے جامعہ کے ساتھ معنوی اور مادی دونوں لحاظ سے تعاون کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ روحانیت اس کورس کو طلاب کی علمی ترقی اور اسلامی نظریات کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتی ہے۔
صدر جامعہ روحانیت بلتستان حجت الاسلام علی نقی جنتی نے آیت اللہ باقر مقدسی، گروہ مصنّفین اور تمام شرکت کرنے والے علماء و طلاب کا شکریہ ادا کیا.
آپ کا تبصرہ