حوزہ نیوز ایجنسی؛ جامعہ روحانیت بلتستان کے سیکریٹری برائے ثقافتی امور حجۃ الاسلام مہدی کربلائی کے مطابق، قم المقدسہ میں حسینیہ بلتستانیہ میں حزب اللہ لبنان کے سربراہ "سید حسن نصر اللہ" کی صحت و سلامتی اور لبنان اور فلسطین میں مزاحمتی محاذ کی فتح و کامیابی کے لئے اجتماعی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ غاصب اسرائیلی حکومت کے لبنان اور فلسطین پر وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں لبنان اور غزہ کے نہتے عوام کی شہادت پر قم کے حسینیہ بلتستانیہ میں دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔
یہ تقریب لبنان اور فلسطین کی مزاحمت کی کامیابی اور زخمیوں کی صحت و تندرستی کے لیے منعقد کی گئی تھی۔
دعائیہ تقریب میں قرآن مجید کی تلاوت اور صحیفہ سجادیہ کی ستائیسویں دعا پڑھتے ہوئے شرکائے محفل نے اہل بیت (ع) سے توسل کے ذریعے مزاحمتی محاذ کے رہنما سید حسن نصر اللہ کی صحت و سلامتی اور غزہ اور لبنان کے مظلوم عوام اور مزاحمت کی کامیابی کے لیے دعا کی اور آخر میں عالم استکبار اور صیہونیوں کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے اسرائیل کے وحشیانہ جرائم پر غم و غصے کا اظہار کیا۔
اس دعائیہ تقریب کے اختتام پر جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر سید احمد رضوی نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ اسلامی محاذ کی فتح و کامیابی کے لئے دعا کرنا ہماری کمترین ذمہ داری ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستانی طلباء اور علمائے کرام رہبرِ معظم انقلاب حضرت امام خامنہ ای مدظلہ کے حکم کی صورت میں محاذ کفر سے لڑنے کے لئے اپنی تیاری کا اعلان کرتے ہیں۔"