۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
جامعہ النجف سکردو

حوزہ/حضرت محمد مصطفٰی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام )کی ولادتِ باسعادت نیز ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے حوزہ علمیہ جامعۃ النجف سکردو میں ایک پروقار محفلِ میلاد اور تقریری مقابلہ منعقد ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعه النجف سکردو میں منعقدہ اس عظیم تقریب کی صدارت معروف عالم دین جامعة النجف سکردو کے استاد حجۃ الاسلام شیخ غلام محمد ملکوتی نے کی، جبکہ نائب صدر انجمنِ امامیہ بلتستان شعلہ بیان خطیب جناب حجۃ الاسلام شیخ زاہد حسین زاہدی اس محفل کے مہمانِ خصوصی تھے۔

اس بابرکت تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کا شرف گروہِ تلاوتِ جامعۃ النجف سکردو نے حاصل کیا۔ جامعہ ہذا کے طالب علم رضوان علی نوری نے بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

جامعۃ النجف سکردو میں جشنِ صادقین اور تقریری مقابلے کا انعقاد+رپورٹ

میزبان شاعر مولانا زہیر کربلائی نے بہترین انداز میں رسول اللهُ‎ کی شان میں اپنا نعتیہ کلام پیش کیا۔ کیڈٹ کالج سکردو کے استاد جناب غلام مہدی میثم نے اپنے تازہ کلام سے سامعین کو نوازا۔ معروف منقبت خواں سید تنویر رضوی نے منقبت پیش کی، معروف اور کمسن نعت خوان اجمل ذاکری نے اپنی سریلی اور پُر تاثیر آواز میں منقبت خوانی کے ذریعے محفل کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دئیے۔

جناب مولانا محمد حسین شریفی اور جناب ذوالفقار علی لیکچرار پبلک سکول اینڈ کالج سکردو نے تقریری مقابلے کے ججز کے فرائض انجام دئیے۔

اس محفل میں باذوق جوانوں اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض جامعہ ہذا کے سینئر طالب علم حسین بشیر سلطانی نے انجام دئیے، اُنھوں نے اپنے تمہیدی کلمات میں کہا کہ اس طرح کی تقاریب کے انعقاد سے طالب علموں کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

جامعۃ النجف سکردو میں جشنِ صادقین اور تقریری مقابلے کا انعقاد+رپورٹ

تقریری مقابلے کے پہلے مقرر مولانا سید طاہر موسوی متعلم جامعۃ النجف نے رسول اللہ ؐ کے انداز تبلیغ پر روشنی ڈالی، دوسرے مقرر مولانا محمد جاوید علیار متعلم جامعہ منصوریہ سکردو نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا اسلوبِ زندگی پر گفتگو کی، جبکہ تیسرے مقرر مولانا عقیل عباس نوری متعلم جامعۃ النجف سکردو نے قرآن اور احادیث کی روشنی میں حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا اسلوبِ زندگی کے موضوع پر خطاب کیا۔

تقریری مقابلے کے جج جناب ذوالفقار علی لیکچرار پبلک سکول اینڈ کالج سکردو نے مقررین سے ہونے والی غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے تقریری مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا۔

تقریری مقابلے میں جناب مولانا عقیل عباس نوری جامعۃالنجف سکردو نے پہلی، جناب مولانا محمد جاوید علیار جامعہ منصوریہ سکردو نے دوسری اور مولانا سید طاہر موسوی جامعۃ النجف سکردو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مہمانِ خصوصی حجۃ الاسلام شیخ زاہد حسین زاہدی نے "رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی سیرت ہمارے لیے اسوۂ حسنہ" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنی زندگی میں محمد و آل محمد علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

جامعۃ النجف سکردو میں جشنِ صادقین اور تقریری مقابلے کا انعقاد+رپورٹ

صدر محفل حجۃ الاسلام شیخ غلام محمد ملکوتی نے مہمان علماء، شعراء، ججز، صحافی حضرات اور شرکائے محفل کی اس تقریب سعید میں شرکت پر جامعہ ہذا کی طرف سے شکریہ ادا کیا اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی علمی خدمات پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے آخر میں تمام پوزیشن ہولڈرز کو اعزازی شیلڈ و انعامات سے نوازا گیا۔

یاد رہے کہ سیرت النبی پر القلم ریسرچ سنٹر کی جانب سے مضمون نویسی کا مقابلہ رکھا گیا تھا، اس مقابلے میں مدرسے کے جن طلباء نے شرکت کی تھی، ان طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی نقد انعامات دیئے گئے۔

آخر میں عالم اسلام کی سربلندی، عالم کفر کی نابودی اور مملکت خداداد پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .