حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مشہد مقدس میں حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کے رواق غدیر میں شیرازِ ہند، جونپور کے معروف عالم دین حجت الاسلام و المسلمین فضل ممتاز خان نے اپنے ایران سفر کے دوران مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے اہل بیت علیہم السلام کے فرامین کی روشنی میں روزمرہ زندگی کے اصول بیان کیے اور سیرت امام رضا علیہ السلام پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
انہوں نے واضح کیا کہ امام علیہ السلام نے عملی زندگی کے لیے کون سا طریقہ اختیار کرنے کی تلقین کی ہے اور ہمیں کس طرح اپنی زندگی کو ان کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس مقدس مقام پر موجود ہیں، جہاں ہر محبِ اہل بیت علیہم السلام کی آنے کی تمنا ہوتی ہے۔ لیکن صرف یہاں آنے کی خواہش کافی نہیں، بلکہ ہمیں خود کو ایسا بنانا چاہیے جیسا ہمارے امام چاہتے ہیں۔ اور جب ہم یہاں سے واپس جائیں تو ہمارے اخلاق، اعمال اور کردار سے یہ ظاہر ہونا چاہیے کہ ہم نے اپنے امام کی بارگاہ میں حاضری دی ہے اور ان کی تعلیمات سے فیض حاصل کیا ہے۔
مولانا نے اپنے خطاب میں مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور آخر میں مصائبِ آل محمد علیہم السلام بیان کیے۔ اس موقع پر رواق غدیر میں موجود زائرین کرام نے اشک بار آنکھوں کے ساتھ امام کی بارگاہ میں پرسہ پیش کیا۔
آپ کا تبصرہ