اتوار 16 مارچ 2025 - 16:55
لکھنؤ میں بین الاقوامی بزمِ قرآن کے چوتھے دور کا عظیم الشان اہتمام

حوزہ/ لکھنؤ میں ولایت ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام "بین الاقوامی بزمِ قرآن" کے چوتھے دور کا انعقاد جامع مسجد تحسین گنج، لکھنؤ میں کیا گیا۔ رمضان المبارک کی مناسبت سے منعقد ہونے والے اس روحانی اجتماع میں بین الاقوامی شہرت یافتہ قاریوں نے شرکت کی اور اپنے دلنشین اندازِ تلاوت سے حاضرین کے قلوب کو منور کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ رمضان المبارک قرآن پاک کی بہار کا مہینہ ہے۔ رمضان کے مقدس مہینے میں قرآن پاک کی تلاوت عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ کی جاتی ہے اور اس کی اہمیت بھی بڑھ جاتی ہے۔ اسی کے پیشِ نظر "ولایت ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ" کی جانب سے بزمِ قرآن کا اہتمام 15 مارچ کو رات 9 بجے جامع مسجد تحسین گنج لکھنؤ میں کیا گیا، جس میں بین الاقوامی سطح کے قاریوں نے شرکت کی۔

تصاویر دیکھیں:

لکھنؤ میں بین الاقوامی بزمِ قرآن کے چوتھے دور کا عظیم الشان اہتمام

اس پروگرام میں ایران سے تشریف لائے قاری ڈاکٹر رضوان راحیلی، کارگل سے مولانا طه شاعری، قاری مولانا علی عباس خان، قاری بدرالدجیٰ (استاد، فرقانیہ مدرسہ)، رام پور سے قاری اعظم خان، اور قاری محمد عباس رضوی نے اپنی دلنشیں انداز قرآت اور عمدہ لہجے میں قرآن پاک کی تلاوت سے حاضرین پر روحانی وجد طاری کر دیا۔ اس کے علاوہ، مظفر نگر سے تشریف لانے والی حافظہ سیدہ صادقہ بتول اور چھوٹے بچوں نے قرآن کے حفظ کا مظاہرہ پیش کیا، جسے نے بے حد پسند کیا اور ان ننھے حفاظ کو داد و تحسین سے نوازا۔ اس کے علاوہ مولانا صابر علی عمرانی نے کریم اہلبیت امام حسنؑ مجتبٰی کی ولادت باسعادت کی سے اشعار پیش کئے۔ پروگرام کے اختتام پر 3 برادران اور 3 خواہران کو قراکشی کے ذریعے انعامات سے نوازا گیا۔

پروگرام کی نظامت مولانا ثقلین باقری صاحب نے کی۔ قرآن ٹی وی کے ذریعے پروگرام براہِ راست نشر ہوا۔ قابلِ ذکر ہے کہ یہ پروگرام چار سال سے مسلسل منعقد ہو رہا ہے ۔ اس موقع پر معروف شخصیات جیسے مولانا منظر صادق صاحب، مولانا حسنین باقری صاحب، مولانا مشاہد عالم صاحب ، مولانا سعید الحسن صاحب ، مولانا صابر علی عمرانی صاحب ، اورمحمّد میاں عابدی صاحب ، حیدر عباس صاحب، کلب عابد صاحب، مولانا سرتاج حیدر صاحب، مولانا عقیل عبّاس معرفی صاحب وغیرہ نے بھی شرکت کی۔پروگرام کے روحانی ماحول کو دیکھ کر پرجوش لوگوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کو زیادہ سے زیادہ مقامات پر منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔بتا دیں کہ اس مہینے میں مسلمان کم از کم ایک قرآن پاک کو مکمل پڑھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جبکہ جو افراد قرآن کو بہترین آواز میں اس کی تلاوت کرتے ہیں، انہیں قاری کہا جاتا ہے، اور ان کی تلاوت سننے کے لیے لوگوں میں خاص دلچسپی دیکھی جاتی ہے۔"

یہ پروگرام "ولایت ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ" کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا، جس میں مجلسِ علمائے ہند، عین الحیات ٹرسٹ ، شیعہ علماء اسمبلی، حیدری ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی، ادارہ ریاض القرآن، مدرسہ تجوید و قراءت، تنزیل اکیڈمی، مرکز تعلیم و تربیت ،مہدانس ، مدرسہ جامعۃ الزہراء، اور دیگر اداروں نے تعاون کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha