حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امام جعفر صادق نے دین کے فروغ کے ساتھ ساتھ جدید علوم کو بھی رواج دیا۔زندگی کے گونا گوں مسائل کے تعلق سے امام کے اقوال اور تعلیمات ہرانسان کے لئے مشعل راہ ہیں۔’تاریخ اسلام کا بیان’ تقریری سلسلے کے تحت امام جعفر صادق کی شہادت کی تاریخ کی مناسبت سے مولانا ڈاکٹر شہوار نقوی نے چھٹے امام کی زندگی اور انکی تعلیمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
مولانا شہوار نے مختلف واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امام علیہ اسلام نے اپنے چاہنے والوں کو ہمیشہ زندگی کے ہر شعبے میں ایمانداری کا عملی مظاہرہ کرنے کی نصیحت کی۔ کاروبار ہو یا ملازمت امام صادق نے بے ایمانی اور دوسروں کی ضرورت کا ناجائز فائدہ اٹھانے کو ہمیشہ نا پسند کیا۔
جدید علوم کے فروغ کے تعلق سے امام صادق کے کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے مولانا شہوار نقوی نے کہا کہ جس فرد کو آج دنیا بابائے کیمیا کے نام سے جانتی ہے وہ جابر ابن حیان امام کا ہی شاگرد ہے۔ امام صادق نے مسجد نبوی کو درس و تدریس کا مرکز بنا دیا جہاں مختلف ملکوں، مزاہب، مسالک اور نظریات سے تعلق رکھنے والے افراد امام کے بحر علم سے سیرا ب ہوتے تھے۔
مولانا شہوار نے کہا کہ زندگی کے ہر مسئلے سے متعلق امام صادق کے اقوال ہماری رہنمائی کے لئے موجود ہیں لیکن شرط یہ ہیکہ ان اقوال کو ہم اپنی زندگی میں عملی طور سے اپنائیں۔