حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،رہبر انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر، چھے جون 2022 کو مرحوم حجۃ الاسلام و المسلمین سید محمد دعائي کی نماز جنازہ پڑھانے کے ساتھ ہی امام خمینی کے اس دیرینہ دوست کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ نماز جنازہ میں مرحوم حجۃ الاسلام دعائي کے اہل خانہ اور رشتہ داروں میں سے کئي لوگ موجود تھے۔
یاد رہے کہ حجۃ الاسلام سید محمد دعائي اسلامی تحریک اور اسلامی انقلاب کے قدیم مجاہدین اور نجف میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی جلاوطنی کے زمانے میں ان کے ساتھیوں میں سے ایک تھے۔ وہ سنہ 1979 میں عراق میں ایران کے سفیر کی حیثیت سے متعین کیے گئے اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے حکم سے مئي سنہ 1980 سے اطلاعات انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ مقرر ہوئے۔ اس متواضع اور انتہائي سادہ زندگي گزارنے والے عالم دین کے درخشاں ماضی میں ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی میں چھے بار کی رکنیت بھی شامل ہے۔ اتوار 5 جون کو انھوں نے اس دار فانی کو الوداع کہا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے گزشتہ روز بھی ایک پیغام جاری کر کے حجۃ الاسلام سید محمد دعائي کے انتقال پر تعزیت پیش کی تھی۔ انھوں نے مرحوم کی نفس کی پاکیزگي، بے نقص شخصیت اور امام خمینی اور انقلاب سے گہری اور عمیق محبت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اللہ تعالی سے مرحوم کے لیے فضل و کرم کی دعا کی تھی۔