حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دینی علوم کے استاد اور مذہبی خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے شہر سمنان میں تقریر کرتے ہوئے محمد و آل محمد (ص) پر صلوات کی اہمیت اور برکتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: روایات میں آیا ہے کہ "«فإنّها تَهدِمُ الذُّنوبَ هَدماً» یعنی صلوات گناہوں کو منہدم کر دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: صلوات گناہوں کے پہاڑ کو نابود کردیتی ہے اور ہمیشہ صلوات پڑھنے سے انسان کے گناہ پاک ہو جاتے ہیں۔
دینی علوم کے اس استاد نے کہا: امام رضا علیہ السلام نے ایک جگہ امام معصوم (ع) کی صفات بیان کرتے ہوئے فرمایا «الْإِمَامُ الْأَمِینُ» یعنی شخص امانتدار اور زیارت امین اللہ میں ہم پڑھتے ہیں «اَلسَّلامُ عَلَیک یااَمینَ اللَّهِ فی اَرْضِهِ»؛ یہاں امین سے مراد یہ ہے کہ تمام جہان امام کے اختیار میں ہے اور امام پر اختیار خدا کا ہے۔
انہوں نے کہا: امام ذرہ بھر بھی خیانت نہیں کرتا۔
حجۃ الاسلام فرحزاد نے کہا: متعدد روایات میں آیا ہے کہ لوگوں کے اذکار، نماز، رکوع اور سجود کو نہ دیکھو بلکہ ان کی امانت داری اور صداقت کو دیکھو۔ اگر کوئی امین اور صادق ہے تو وہ آٹھویں امام کا سچا شیعہ ہے اور اگر کوئی بات کرتا ہے تو جھوٹ بولتا ہے، وعدہ کرتا ہے تو وعدہ وفا نہیں کرتا اور امانت میں خیانت کرتا ہے تو "وَ إنْ صامَ وَ صَلّی فَهُوَ مُنافِقٌ"؛ یعنی اگرچہ وہ روزہ رکھتا ہے اور نماز پڑھتا ہے لیکن وہ منافق ہے۔