حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ریاست کرناٹک میں کورونا وائرس کے بعد کمیونل وائرس کا دور چلا، اس دوران حجاب کے مسئلے کو اٹھایا گیا جو کہ خصوصی طور پر طالبات کے لیے حصول تعلیم میں ایک چیلینج بنا ہوا تھا لیکن حال ہی میں پری یونیورسٹی کورس کے نتائج ظاہر ہوئے جو یہ بتا رہے ہیں کہ باحجاب طالبات نے اس چیلینج کو مات دی اور اعلیٰ نمبرات سے کامیابی درج کرائی۔ کرناٹک کے شہر تمکور کے تعلیمی ادارہ گلوبل شاہین کالج کی کئی باحجاب طالبات نے پری یونیورسٹی کورس میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔ تہنیتی اجلاس میں اپنی محنت و مشقت کی داستان سناتے ہوئے یہ باحجاب ٹاپر طالبات اشک بار ہوگئیں۔
اس موقع پر ادارہ کے ذمہ دار افضل شریف نے کہا کہ طالبات کی محنت اور ان کے والدین کی قربانیاں کامیابی کا اصل جوہر بنے ہیں اور آگے بھی ان کے خوابوں کی تعبیر میں ایک بڑی وجہ بنیں گے۔ تہنیتی اجلاس میں موجود طالبات کے والدین اپنے بچوں کی کامیابی سے نہایت پر مسرت رہے اور اس امید کا اظہار کر رہے تھے کہ ان کی بچیاں مستقبل میں ملک و ملت کی بے لوث خدمت انجام دیں گی۔