۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
استاد شیخ حسین انصاریان

حوزہ / حجۃ الاسلام والمسلمین حسین انصاریان نے کہا: پروردگارِ عالم کے اوصاف و خصوصیات میں سے ایک اس کا حکیم ہونا ہے اور حکمتِ خدا کے سامنے سر تسلیم خم کرنا کمال کے درجات میں سے ایک ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین حسین انصاریان نے ایران کے شہر سمنان میں ماہ صفر کے پہلے عشرے کی آمد کے موقع پر منعقدہ مجلس عزاداری حضرت ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام سے خطاب کرتے ہوئے کہا: خدائے بزرگ و برتر کی صفات میں سے ایک صفت اس کا "حکیم" ہونا ہے۔ جب کوئی شخص پروردگارِ عالم کی حکمت کو تسلیم کرتا ہے اور خدا کی حکمت کے آگے سر تسلیم خم کرتا ہے تو اس کے مقدس وجود اور تخلیق کے بارے میں ہمارے تمام اشکال و اعتراضات کا دروازہ بند جاتا ہے اور یہ خود کمال کی صفات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے مزید کہا: دعا میں ہم پڑھتے ہیں کہ «اللَّهُمَّ فَاجْعَلْ نَفْسِی مُطْمَئِنَّةً بِقَدَرِکَ رَاضِیَةً بِقَضَائِکَ» یعنی اے اللہ! میرے نفس کو اپنی قدر و قضا پر مطمئن اور راضی ہونے والا قرار دے"۔ زیارتِ امین اللہ میں حضرت امام سجاد علیہ السلام نے امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے مقام و منزلت کو بیان کرنے کے بعد اولیائے خدا اور کامل انسانوں کی متعدد صفات کو خداوندِ متعال سے طلب کیا ہے۔ بے شک وہ امام عالی مقام (ع) خود انتہائی اعلیٰ درجے پر فائز ہیں لیکن پھر بھی فرماتے ہیں «اللَّهُمَّ فَاجْعَلْ نَفْسِی مُطْمَئِنَّةً بِقَدَرِکَ رَاضِیَةً بِقَضَائِکَ» "اے خدایا! میرے نفس کو اپنی قدر پر مطمئن اور اپنی قضا پر راضی ہونے والا بنا دے"۔

استاد انصاریان نے کہا: قرآن میں لفظ «بِقَدَرٍ مَعْلُومٍ» ذکر ہوا ہے جس کا مطلب ہے کہ خداوندِ متعال نے اس جہان میں ہر چیز کو ضرورت کے مطابق پیدا کیا ہے۔ تمام کائنات ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی رکھتی ہے اور دنیا اور جہانوں کی تخلیق کے اصول میں کوئی تفاوت اور اختلاف نہیں ہے جیسا کہ خداوندِ متعال فرماتا ہے: «مَا تَرَیٰ فِی خَلْقِ الرَّحْمَٰنِ مِنْ تَفَاوُتٍ»۔

انہوں نے کہا: 1500 سال قبل ائمہ معصومین علیہم السلام نے ہماری رہنمائی فرما دی کہ «اللَّهُمَّ فَاجْعَلْ نَفْسِی مُطْمَئِنَّةً بِقَدَرِکَ» یعنی اگر کوئی شخص کمال تک پہنچنا اور خدا کی راہ پر گامزن ہونا چاہتا ہے تو اسے چاہیے کہ خدا کی حکمت کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی حکمت پر بھی راضی رہے۔

حکمتِ خدا کے سامنے سر تسلیم خم کرنا درجاتِ کمال میں سے ہے / خداوندِ متعال نے اس جہان میں ہر چیز کو ضرورت کے مطابق پیدا کیا ہے

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .