حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ تک عملی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ آزاد خارجہ و داخلہ پالیسی ہماری تحریک کا بنیادی مقصد ہے۔ اپنے ملک کے قومی مفادات پر آنچ آنے نہیں دیں گے۔ قائد شہید عارف حسین الحسینی کے دیئے ہوئے سیاسی منشور پر عمل پپیرا ہو کر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہماری عقیدے کا حصہ ہے۔ وحدت ہاؤس گلگت میں منعقدہ عزم نو کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی ہی ملک کی سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک استعماری قوتوں کے اثر و رسوخ اور مداخلت کی وجہ سے سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے، ایسے میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پاکستان کی سلامتی کیلئے اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں انجام دیں اور امید کی جاتی ہے کہ ریاستی ادارے قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنائیں گے تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی دور ہو۔ اس موقع پر سید اسد عباس نقی نے شرکاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاست عبادت سمجھ کر کر رہے ہیں اور ہمارا دین سیاست کے بغیر ادھورا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین مظلوم طبقات کی نمائندہ جماعت ہے اور بلاتفریق مذہب و مکتب خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جی بی کے نائب صدر شیخ نیئر عباس مصطفوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے قومی سطح پر منتشر قوم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی پوری سعی کی ہے اور خدا کے فضل سے قوم میں نفرتیں بہت حد تک کم ہو چکی ہیں۔ اس کنونشن میں عارف حسین قنبری کو اکثریت رائے سے مجلس وحدت مسلمین ضلع گلگت کا صدر، برادر قلب علی کو ضلع نگر، تحصیل دنیور کا یاور حسین، تحصیل گلگت اظہر حسین جبکہ ضلع استور کیلئے شیخ عبد الواحد کو چیف آرگنائزر منتخب کیا گیا۔