۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
مولانا تقی عباس رضوی

حوزہ / سیدۂ کونینؑ کی ذات اقدس مظہرِ شان خدا،وحی الٰہی کی ترجمان اور سر چشمہ آیات ومخزن معجزات ہے،یہ ذات اسقدر مقدس و پاکیزہ ہے کہ جس کا حوالہ اور واسطہ ہماری دعاؤں کے مستجاب ہونے کی ضمانت ہے

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان کی معروف دینی اور سماجی شخصیت حجت الاسلام تقی عباس رضوی نے سید دوعالم خاتون جنت حضرت زہرائے مرضیہ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی مناسبت کے پیش نظر کہا کہ: محمد و آل محمد خصوصاً وجہ تخلیق کائنات حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام سے اظہار عقیدت ومحبت کے بے شمار طریقوں میں جشن و محافل اورطرحی مقاصدہ کے ہمراہ ایک طریقہ آپؑ کی حیات طیبہ پرسنجیدگی کے ساتھ ساتھ غور وخوض بھی ہے اس لئے کہ سیدہ کونینؑ کی سیرت و تعلیمات پرعمل پیرا ہونا تمام بنی نوع انسانی کے لئے خاص ’’صنف نسواں‘‘ کے لئے معراج اور ہماری فردی اور اجتماعی زندگی کے فوز و فلاح کا ضامن ہے اور اس سے بے اعتنائی اور گریز،گمراهی ، زوال اور پستی ہے۔

انہوں نے اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ : سیدۂ کونینؑ کی ذات اقدس مظہرِ شان خدا،وحی الٰہی کی ترجمان اور سر چشمہ آیات ومخزن معجزات ہے.،یہ ذات اسقدر مقدس و پاکیزہ ہے کہ جس کا حوالہ اور واسطہ ہماری دعاؤں کے مستجاب ہونے کی ضمانت ہے سیدہ کونین کی ذات مبارکہ ایسی بابرکت ذات ہےجورحمتِ عالم ؐکے لئے رحمت و شفقت کا خزانہ ہے... لاریب !حضرت فاطمه زهرا علیها السلام ایسی طیب و طاہر، باوقار اور معزز ہستی ہیں جومحبوب دوعالم ﷺکے نزدیک سب سے زیاد عزیز و باوقار ہیں۔

سلام اس پر ازل ہی سے جو محبوب زمانہ ہے سلام اس پر کہ جس کا ذکر رحمت کا خزانہ ہے

اہلبیت (ع) فاونڈیشن کے نائب سربراہ حجت الاسلام تقی عباس رضوی نے حوزہ نیوز ایجنسی کے رپورٹر سے گفتگو میں کہا کہ:موجودہ دورخرافات میں ہدایت کے ہر متلاشی مرد و خواتین کے لیےسیدہ کونینؑ کی سیرت طیبہ اور آپؑ کا اسوۂ حسنہ ایک خوشگوار زندگی کے لئے ہدایت کا بہترین رهنما اور ضامن رشد ونجات ہے۔

ہندوستان کی معروف دینی شخصیت تقی عباس رضوی نے ۲۰ جمادی الثانی عالمی یوم مادر کے پیش نظر مزید کہا کہ ’’ ہم اور ہماری خواتین اگر دینی اور دنیوی فضل و کمال اورسعادت سے بہرہ مند ہوناچاہتے ہیں تو ہمیں بی بی دوعالم ، سیدہ ٔ کونین ، خاتون جنت،حضرت فاطمۂ زہرا علیہا السلام کی سیرت کو اپنانا ہوگا اس لئے کہ موجودہ دور میں ہمارے لئے خاص کر ہماری خواتین کے لئے سے بڑھ کر کوئی رول ماڈل اورنمونہ عمل نہیں ۔۔۔ ‘‘خداوندعالم ہم سب کو سیدہ کونین کے چھوڑے ہوئے نقوش اور دستور حیات کے اتباع کی توفیق دے اور اپنے پیارے نبی کی پیاری بیٹی کا عشق ہمارے سینوں میں ہمیشہ اور ہمیشہ آباد رکھے۔

موصوف نے آخر میں دختر رسول حضرت فاطمہ زہراعلیہا السلام کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پرتمام عالم اسلام خاص کر محبان ام الائمہ کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے بارگاہ واہب العطیات میں دست بدعا ہوئے کہ رب کریم ہم سب کومحمدؐ و آل محمدؐ کے عشق و محبت اور ان سے مؤدت کے تقاضوں پر ہمیں پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز