۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
عدالت

حوزہ/ گجرات کے ضلع پنچ محل کے ہلول قصبے کی ایک عدالت نے 2002 میں ریاست میں گودھرا ٹرین جلانے کے بعد ہونے والے فسادات میں دو بچوں سمیت اقلیتی برادری کے 17 افراد کو قتل کرنے کے الزام میں 22 افراد کو ثبوت کی کمی کی بنا پر بری کر دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گجرات کے ضلع پنچ محل کے ہلول قصبے کی ایک عدالت نے 2002 میں ریاست میں گودھرا ٹرین جلانے کے بعد ہونے والے فسادات میں دو بچوں سمیت اقلیتی برادری کے 17 افراد کو قتل کرنے کے الزام میں 22 افراد کو ثبوت کی کمی کی بنا پر بری کر دیا۔

دفاعی وکیل گوپال سنگھ سولنکی نے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج ہرش ترویدی کی عدالت نے تمام 22 ملزمان کو بری کر دیا، جن میں سے آٹھ کی اس مقدمے کی سماعت کے دوران موت ہو گئی۔

اطلاع کے مطابق، عدالت نے 'کارپس ڈیلیکٹی' قانون سے استفادہ کیا، جس کے تحت کسی شخص کو مجرم قرار دینے سے پہلے اس کے جرم کے ارتکاب کا ثابت کرنا ضروری ہے۔عدالت نے نتیجہ اخذ کیا کہ استغاثہ جرم کی مشتبہ جگہ ثابت نہیں کرسکا، اس جگہ سے لاشیں برآمد نہیں کی جا سکیں۔

عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ پراسیکیوشن جائے وقوعہ پر ملزمان کی موجودگی یا جرم میں ان کے مخصوص کردار کو شک سے بالاتر ثابت کرنے میں ناکام رہا، ملزمان سے جرم کے لیے استعمال ہونے والا اسلحہ یا جرم سے متعلق کوئی بھی آتش گیر مواد نہیں ملا۔

استغاثہ کے مطابق مقتولین کو یکم مارچ 2002 کو قتل کیا گیا تھا اور ان کی لاشوں کو بھی شواہد مٹانے کی نیت سے جلایا گیا تھا، مقدمے کے دوران 84 گواہوں سے پوچھ تاچھ کی گئی، ایک اور پولیس انسپکٹر نے واقعہ کے تقریباً دو سال بعد ایک تازہ مقدمہ درج کیا اور فسادات میں ملوث ہونے کے الزام میں 22 افراد کو گرفتار کیا۔

پولیس نے دریا کے کنارے سے ایک ویران جگہ سے ہڈیاں برآمد کیں لیکن وہ اس حد تک جلی ہوئی تھیں کہ مرنے ہونے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔

شکایت کے مطابق، ہلول ریلیف کیمپ میں دیلول گاؤں سے بھاگنے والے کئی مسلمانوں نے الزام لگایا کہ ان کے خاندان کے افراد لاپتہ ہیں۔ ایک اور ریلیف کیمپ کے رہائشی نے یہ بھی شکایت کی کہ وہ 150 سے 200 لوگوں کے ہجوم سے خود کو بچانے کے لیے اپنے بیٹے کے ساتھ گاؤں میں اپنے گھر سے بھاگ گیا تھا اور گاؤں کے 18 مسلمان لاپتہ ہیں۔

اس کے بعد کی تحقیقات کے نتیجے میں جلی ہوئی ہڈیاں اور دوسرے رہائشیوں کی بازیافت ہوئی جنہوں نے اپنے خاندان کے افراد کو کھو دیا تھا۔ بیس افراد، جن کی شناخت ملزم کے طور پر ہوئی، حملہ کرنے والی بھیڑ کا حصہ تھے اور رہائشیوں نے ملزم کو خاندان کے افراد کو تلواروں اور کلہاڑیوں جیسے ہتھیاروں سے قتل کرتے دیکھا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .