۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان: ہمارے جوانوں کو چاہیے کہ وہ حضرت علی اکبر علیہ السلام کی پاکیزہ سیرت کو اپنی زندگیوں پر نافذ کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شبیہہ پیغمبر شہزادہ حضرت علی اکبر علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے پر مسرت موقع پر تمام محبان محمد و آل محمد علیہم السلام کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت علی اکبر علیہ السلام نے اپنی زندگی اسلام کے لئے وقف کر دی اور اپنے والد گرامی کے ساتھ دین اسلام کی سربلندی کے لئے مصروف عمل رہے، آپ کی زندگی اولاد کی کامل ترین تربیت کا عملی نمونہ تھی جو وفاداری، شجاعت اور صبر ورضا کا مکمل عکس تھی۔ آپ کی حیات طیبہ کا ہر لمحہ نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ ہمارے جوانوں کو چاہیے کہ وہ حضرت علی اکبر علیہ السلام کی پاکیزہ سیرت کو اپنی زندگیوں پر نافذ کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہزادہ علی اکبر علیہ السلام کی ولادت باسعادت کا دن وہ مبارک گھڑی تھی جب گھرانہ رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا ہر فرد خوشی سے سرشار تھا۔ شہزادہ علی اکبر علیہ السلام گفتار و کردار اور صورت میں شبیہ پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم تھے۔ ان کی زندگی کا ہر لمحہ نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ جناب حضرت علی اکبر علیہ السلام نے اپنی پاکیزہ جوانی دین مقدس کی سربلندی پر قربان کر دی اور تا قیامت یہ پیغام عمل دے گئے کہ اگر اسلام کو جوانوں کی ضرورت ہو تو جوان کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ خاندان نبوت کے ہر فرد کی زندگی کا مقصد رضائے خدا کا حصول اور حق کا پرچار کرنا تھا۔ جس پر وہ عظیم ہستیاں تاحیات قائم و دائم رہیں اور اس میں ہم سب کے لیے بھی صدق و وفا کا درس پوشیدہ ہے، تاریخ گواہ ہے میدان کربلا میں حضرت علی اکبر علیہ السلام نے بہادری کے جو جوہر دکھائے وہ تا قیامت دنیا کے بہادروں کے لیے شجاعت کی عالی مثال ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو سیرت علی اکبر علیہ السلام اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .