حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ قم میں تہذیب و تربیتی امور کے سرپرست حجۃ الاسلام و المسلمین عالم زادہ نوری نے حوزہ علمیہ قم کے مدارس کے ناظمین کے ایک گروہ کے ہمراہ لکھنؤ شہر میں واقع مدرسہ غفران مآب کا دورہ کیا اور اس مدرسہ کے مسئولین سے گفتگو کی۔
رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں ہندوستان کے مایہ ناز عالم دین اور مدرسہ غفران مآب کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین سید کلب جواد نقوی نے حوزہ علمیہ قم کے مدارس کے ناظمین کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے اس دورہ کو نیک شگون قرار دیا اور کہا: ایرانی اور ہندوستانی مدارس کے ناظمین کی باہمی سوچ انتہائی خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا: میں اس اقدام کو حوزہ علمیہ قم کے تجربات کی منتقلی اور ہندوستانی مدارس اور اس ملک کے اسلامی و مذہبی مراکز کی تقویت کا باعث سمجھتا ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ اس دورے کے تسلسل میں حجۃ الاسلام و المسلمین عالم زادہ نوری نے حوزہ علمیہ قم کے علماء بالخصوص حوزہ علمیہ کے سرپرست کا سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس سفر کا مقصد ہندوستان کے دینی مدارس سے مزید آشنائی کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے قدیمی مدارس کے علماء اور بزرگوں سے تبادلہ خیال اور تجربات کی منتقلی ہے۔
انہوں نے اسلام اور دینی مدارس کی تقویت میں غفران مآب خاندان کے کردار کو سراہتے ہوئے حوزہ علمیہ قم اور ہندوستانی دینی مدارس میں موجود صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اور ثقافتی مشترکات کے سبب بہت سی صلاحیتوں اور تجربات کا تبادلہ ممکن ہے۔