حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے نوروز عالم کی مناسبت اور موسم بہار کی آمد پر ریاستی عوام کو بالعموم ایرانی قوم و رہبر انقلاب اسلامی کو بالخصوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے عالم اسلام کے امن واستحکام، اتحاد واتفاق، خوشحالی، ترقی اور فلاح کے لئے دعا کی۔
مولانا مسرور انصاری نے کہا کہ عید نوروز جمہوری اسلامی ایران کا ملی تہوار ہے اور کشمیر کے تہذیب وتمدن پر ایرانی تہذیب وتمدن کے گہرے اثرات ہیں اور آج کی تاریخ میں بھی انقلاب اسلامی ایران اور رہبر انقلاب سے کشمیری عوام کی گہری عقیدت رکھتے ہیں لہذا اس عید نوروز کو یہاں بھی صدیوں سے عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
مولانا نےنئےشمسی سال کے آغاز پر جمہوری اسلامی ایران کی جملہ قیادت بالخصوص رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای (مدظلہ العالی) کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے جمہوری اسلامی ایران کی تیز رفتار ترقی کے لئے دعا کی۔
مولانا مسرور عباس انصاری نے شجر کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری صدقہ جاریہ ہے اور یہ ماحولیاتی آلودگی پر روک لگانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے جنگلات کی بے دریغ کٹائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے مستقبل کے لئے انتہائی خطرناک قرار دیا۔