۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
مولانا محمد عباس انصاری کے سانحہ ارتحال پر انجمن شرعی شیعیان کا اظہار رنج و غم

حوزہ/ مرحوم رہنما مولانا محمد عباس انصاری کی دینی سیاسی سماجی اور فلاحی خدمات کو آغا سیدحسن کا خراج عقیدت۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،معروف و مقتدر عالم دین اور انجمن اتحاد المسلمین کے بانی و سرپرست حجت الاسلام والمسلمین مولانا محمد عباس انصاری کے سانحہ ارتحال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے غم زدہ خانوادے بالخصوص مرحوم کے خلف صالح حجت الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری سے تعزیت کی۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مولانا محمد عباس انصاری کی وفات کو کشمیر یوں کی سیاسی جدوجہد اور تبلیغی مشن کی تاریخ کے ایک دور کا اختتام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی ولولہ انگیز شخصیت ملت کشمیر کے لئے ہمیشہ باعث افتخار رہی۔

مولانا مرحوم کو مزاحمت اور استقامت کی کھلی کتاب قرار دیتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ مرحوم کی دینی و تبلیغی خدمات ناقابل فراموش ہیں مرحوم نے تقریری اور تحریری محاذ پر اپنی قابلیت ذہانت اور علمی عظمت کا ثبوت دیا مرحوم ابتدا سے ہی اتحاد بین المسلمین کے علم بردار رہے اور ہمیشہ اخوت ملی کی آبیاری کرتے رہے مرحوم نے کسی بھی موڑ پر اپنے اصولوں اور موقف سے انحراف نہیں کیا بلکہ ہمیشہ کشمیری قوم کے حقوق کی وکالت کرتے رہے جس کی پاداش میں مرحوم کو بار بار زینت زندان بنایا گیا۔

موے مقدس بازیابی تحریک میں مولانا محمد عباس انصاری کا قائدانہ کردار ابھی تک زبان زدہ عام ہے وادی کشمیر میں شیعہ او ر سنی برادری کے درمیان بدگمانیوں کو دور کرنے اور دونوں برادریوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مرحوم مولانا محمد عباس انصاری کا ایک نمایاں کردار ہے۔ آغا صاحب نے کہا کہ مولانا کی جدائی سے ملت تشعیان کشمیر ایک متاع بے بہا سے محروم ہو گئی ہے اور ایک ایسا خلاپیدا ہو ہے جو کبھی پر نہیں ہو سکتا آغا صاحب نے مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ صدمے کی اس گھڑی میں پوری قوم غمزدہ خانوادے کے غم و ماتم میں برابر کی شریک ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .