حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/ جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے صدر و سینئر حریت رہنما مولانا مسرور عباس انصاری نےمرجع عالیقدر، فقیہ زمانہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ حضرت حاج شیخ لطف اللہ صافی گلپایگانی قدس سرہ کی رحلت جانسوز پر گہرے رنج وغم اور دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام امت مسلمہ بالخصوص ملت تشیع و ولی امر المسلمین حضرت آیت اللہ خامنہ ای مدظلہ کی خدمت میں تعزیت وتسلیت عرض کی ہے۔
اپنے ایک تعزیتی پیغام میں مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ آیت اللہ گلپیگانی کی رحلت ایک المناک سانحہ ہے جس سےتحریک انقلاب،علمی، سیاسی، فلاحی اور مذہبی میدان میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے جس کی بھرپائی تادیر ممکن نہیں۔
مولانا نے کہا کہ مرحوم نے امام راحل امام خمینی ؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں تحریک انقلاب اسلامی کے تئیں بے پناہ اور لازول خدمات انجام دئے جو سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ صافی گلپیگانی رہبر انقلاب کے حقیقی خیرخواہ اورولایت فقیہ کے حامی تھے اور سیاسی بصیرت رکھنے والے ممتاز مذہبی رہنما تھے۔ مرحو م علوم الٰہی خصوصاً فقہ میں اعلیٰ ترین منصب پر فائز تھے۔ اس عظیم المرتبت فقیہ کی باطنی پاکیزگی اور اخلاقی خوبیوں میں کوئی ثانی نہیں تھا۔
مولانا انصاری نےحوزہ علمیہ میں زیر تعلیم طلباء، مرحوم کے مداحوں، ولایت مدار وں اور تمام مسلمانان عالم بالخصوص مقام معظم رہبری سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات اور جملہ لواحقین کے صبر جمیل کے لئے دعا کی ہے۔