۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
مولانا مسرور عباس انصاری

حوزہ/ جمہوری اسلامی ایران کے سفیر کے ثقافتی مشیر اور رہبر انقلاب کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین آقای سید علی زادہ موسوی نے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری ابن ِحجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد عباس انصاری طاب ثراہ کی دستار بندی کی۔اس طرح گویا مذہبی حیثیت سے جانشینی کا اعلان کیا گیا ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، املو،مبارکپور،ضلع اعظم گڑھ(اتر پردیش) ہندوستان/ خداوند عالم کی مرضی و منشاء پر راضی برضائے الٰہی رہنا شان ایمان ہے جس کے پیش نظر نہایت صبر و شکر کے ساتھ عرض ہے کہ وادی کشمیر کے مشہور و معروف و ممتاز و مقتدر عالم دین قومی و مذہبی و سماجی رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد عباس انصاری طاب ثراہ کے ایصا ل ثواب کی غرض سے بروز جمعہ ۲۸؍اکتوبر کو منعقدہ مجلس چہارم میں دسیوں ہزار افراد بلا تفریق مذہب و ملت شریک ہوئے اور مرحوم کے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں شایان شان طریقہ پر ولولہ انگیز پر خلوص خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اور رسم فاتحہ خوانی و قرآن خوانی وغیرہ کا بلند پیمانہ پر اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر جمہوری اسلامی ایران کے سفیر کے ثقافتی مشیر اور رہبر انقلاب کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین آقای سید علی زادہ موسوی نے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری مد ظلہ العالی ابن ِحجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد عباس انصاری طاب ثراہ کی دستار بندی کی۔اس طرح گویا مذہبی حیثیت سے جانشینی کا اعلان کیا گیا ۔

واضح رہے کہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری5؍دسمبر 1969ءکو خانقاہ ٔ سوختہ ،سرینگر کشمیر میں پیدا ہوئے۔1991ءمیں سرینگر سے گریجویشن کے بعد دینی تعلیم کے حصول کے لئے قم ایرا ن 1992ء میں چلے گئےاور وہاں 2003ء تک رہے ۔المصطفیٰ یونیورسٹی ایران سے ’’فلسفہ اور کلام‘‘کے تحت ڈگری حاصل کی جو MPhil کا درجہ رکھتی ہے۔ایران سے واپسی کے بعد 2005ء میں سماجی و سیاسی میدان میں قدم رکھا اور یہ سفر ہنوز جاری ہے۔اپنے قلمی نام ابو حیدر سے کئی کتابیں ترتیب دیں جن میں آئین شیعہ اور غزالی سے متعلق کتابیں قابل ذکر ہیں(انسائیکلو پیڈیا کشمیری شیعہ ،جلد اول ڈاکٹر محمد ظفر حیدری،،صفحہ 41)

اس موقع پر ہم حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری مد ظلہ العالی کی خدمت با برکت میں ان کے والد مرحوم کی تعزیت پیش کرتے ہیں اور نمائندۂ رہبر انقلاب حفظہ اللہ تعالیٰ کے دست مبارک سے مجمع عام میں دستار بندی کی ادائیگی پر دل کی گہرایوں سے ہدیہ تہنیت و مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ بحق محمد و آل محمد علیہم السلام اور حضرت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے زیر عنایات موصوف کو اپنے حفظ و امان میں رکھے، صحت و سلامتی کے ساتھ طول عمر عطا کرے، اور توفیقات میں مزید اضافہ فرمائے ۔الولد سر لابیہ کا آئینہ دار قرار دے۔ملک و ملت اور قوم و مذہب کا سچا خدمتگذار قرار دے۔

آمین۔فقط
والسلام علیکم ورحمت اللہ و برکاتہ۔
نیک خواہشات کے ساتھ۔
ابن حسن املوی(صدرالافاضل،واعظ)
بابی و سرپرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر
املو ،مبارکپور،ضلع اعظم گڑھ (اتر پردیش) ہندوستان
تاریخ : ۲۹؍ اکتوبر ۲۰۲۲ء

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .