۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
شاکری

حوزہ/ نمایندگی جامعۃ المصطفی(ص)العالمیہ دہلی نو ہندوستان کی جانب سے "اسلام میں صلح، اسکی بنیادیں، مقاصد اور نتائج" کے عنوان پر ایک عظیم الشان علمی وبینار کا انعقاد کیا گیا جسمیں ہندوستان اور ایران کے برجستہ علمائے کرام نے مختلف موضوعات پر اپنے تحقیقی افکار و نظریات پیش کئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بتاریخ ٧ اپریل ٢٠٢٣مطابق با ۱۵ رمضان المبارک ۱۴۴۴ھ امام حسن مجتبی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت پر نمایندگی جامعۃ المصطفی(ص)العالمیہ دہلی نو ہندوستان کی جانب سے "اسلام میں صلح، اسکی بنیادیں، مقاصد اور نتائج" کے عنوان پر ایک عظیم الشان علمی وبینار کا انعقاد کیا گیا جسمیں ہندوستان اور ایران کے برجستہ علمائے کرام نے مختلف موضوعات پر اپنے تحقیقی افکار و نظریات پیش کئے۔

اس وبینار کا آغاز قاری عالیجناب فرمان حیدر کے ذریعہ تلاوت کلام مجید سے ہوا، اسکے بعد نمایندگی جامعۃ المصطفی (ص) العالمیہ ہندوستان کے رئیس محترم حجۃ الاسلام والمسلمین عالیجناب آقای ڈاکٹر رضا شاکری صاحب قبلہ نے امام حسن علیہ السّلام کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے امام(ع)کے دشمنوں اور مخالفین کی طرف سے امام(ع)پر ہونے والے ناروا اعتراضات و اتہامات کا جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ اکثرا یہ ناروا تہمتیں بنی عباس کی حکومتوں اور بالخصوص منصور دوانیقی جسکو حسنی سادات سے سخت نفرت تھی اسکے زمانے میں لگائے گئے چونکہ حسنی سادات ظلم و جور کے خلاف آوازیں بلند کر رہے تھے انکے خلاف قیام کر رہے تھے لہذا ظالم حکمرانوں اور انکے عمالوں نے امام حسن علیہ السّلام کی شخصیت کو مجروح کرنے کے لئے اس حربہ کا سہارا لیا اور امام(ع) پر کثرت ازدواج و طلاق جیسی ناروا اور بے جا تہمتیں گڑھی گئیں۔

امام حسین (ع) کا قیام اس سے پہلے کہ قیام حسینی کہا جائے قیام حسنی ہے: ڈاکٹر رضا شاکری

موصوف نے امام حسن علیہ السّلام کے فضائل و مناقب کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور صلح امام حسن علیہ السّلام اور قیام امام حسین علیہ السلام کی نسبت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مقام معظم رہبری حضرت امام خامنہ ای مدظلہ العالی کے قول کو بیان کیا جسمیں آپ نے فرمایا ہے کہ امام حسین علیہ السلام کا قیام اس سے پہلے کہ قیام حسینی کہا جائے قیام حسنی ہے۔

موصوف کے بعد حجۃ الاسلام والمسلمین عالیجناب مولانا سید رضاحیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفران مآب (رہ) نے ناظرین کو خطاب کیا آپ نے امام حسن علیہ السّلام کے فضائل و مناقب بیان کرتے ہوئے امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شان میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی حدیث مبارکہ لَوْ کَانَ اَلْفَضْلُ شَخْصاً لَکَانَ اَلْحَسَنَ کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اس حدیث مبارکہ کی روشنی میں امام حسن علیہ السّلام کی ذات گرامی فضل کل ہے اگر فضل کو مجسم کیا جائے تو امام حسن علیہ السّلام کی ذات گرامی بنتی ہے۔

امام حسین (ع) کا قیام اس سے پہلے کہ قیام حسینی کہا جائے قیام حسنی ہے: ڈاکٹر رضا شاکری

اسکے بعد محقق شہیر حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید پیغمبر عباس صاحب قبلہ نے امام حسن علیہ السّلام کی صلح کے محرکات پر گفتگو کی آپ کے بعد حجۃ الاسلام والمسلمین عالیجناب مولانا سید شمشاد علی رضوی کٹوکھری سرپرست اعلیٰ اہل بیت(ع) فاؤنڈیشن ہند نے اپنے نورانی بیان سے ناظرین کے قلوب کو منور کیا آپ نے صلح امام حسن علیہ السّلام پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ خدا، انبیاء و مرسلین، رسول خدا اور امیرالمؤمنین علیہم السلام کے اصول کی پابندی میں اور انکی سنت، سیرت اور قانون پر عمل کرتے ہوئے امام حسن علیہ السّلام نے معاویہ کی درخواست پر جنگ بندی قبول کی۔

تقاریر کے سلسلہ کی آخری کڑی عالیجناب ڈاکٹر عباس رضا صاحب قبلہ(مسلم یونیورسٹی علی گڑھ) نے اپنی محققانہ تقریر پیش کی آپ نے فرمایا کہ صلح امام حسن علیہ السّلام کو نقل کرنے میں اہلسنت علماء و مورخین نے امام حسن مجتبی (ع) کی صلح کے تمام شرائط و تفصیلات اور نکات قوت کو بیان نہیں کیا ہے۔

نثری سلسلہ کے بعد حجۃ الاسلام والمسلمین عالیجناب مولانا ڈاکٹر سید سرورعباس نقوی نے امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شان میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

امام حسین (ع) کا قیام اس سے پہلے کہ قیام حسینی کہا جائے قیام حسنی ہے: ڈاکٹر رضا شاکری

وبینار کی ہوسٹنگ کے فرائض حجۃ الاسلام والمسلمین عالیجناب مولانا ڈاکٹر سید فیاض حسین رضوی نے انجام دیئے، نمایندگی جامعۃ المصطفی(ص) سے حجۃ الاسلام والمسلمین عالیجناب مولانا سید تقی عباس رضوی نے خبر دیتے ہوئے بتایا کہ اس علمی وبینار میں مختلف مقامات سے ناظرین نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے اس پروگرام کو رونق بخشی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .