۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
حوزہ علمیه اثناء عشریہ کرگل

حوزه/ حوزہ علمیه اثناء عشریہ کرگل کے سابق استاد اور مدرس حجت الاسلام شیخ ابراہیم ربانی اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، تشییع جنازے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت العلماء اثناء عشریہ کرگل کے سابق ممبر اور حوزہ علمیه اثناء عشریہ کرگل کے سابق استاد و مدرس حجت الاسلام والمسلمین آقائے شیخ محمد ابراہیم ربانی 82 سال کی عمر میں اس دار فانی سے دار البقاء کی طرف رحلت کر گئے۔

کرگل؛ حوزہ علمی اثناء عشریہ کے سابق استاد نے داعی اجل کو لبیک کہا

تفصیلات کے مطابق، مرحوم و مغفور گزشتہ کئی مہینوں سے سرینگر کشمیر کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

مرحوم و مغفور حجت الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم ربانی (علیہ الرحمۃ) کی وصیت کے مطابق، مرحوم کے جسد خاکی کو اتوار کی شام سرینگر سے احاطہ حوزہ علمیه اثنا عشریہ کرگل پہنچایا گیا جہاں نماز مغربین کے بعد مختصر مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا۔

کرگل؛ حوزہ علمی اثناء عشریہ کے سابق استاد نے داعی اجل کو لبیک کہا

مرحوم نے وصیت کی تھی کہ کرگل شہر میں ان کا جسد خاکی پہنچتے ہی پہلے حوزہ علمیه اثناء عشریہ کرگل لے جایا جائے اور ایک مختصر مجلس عزا کا اہتمام ہو۔

جمعیت العلماء اثناء عشریہ کرگل کے نائب صدر حجت الاسلام شیخ غلام علی مفیدی نے اپنے خطاب میں مرحوم و مغفور حجت الاسلام والمسلمین شیخ محمد ابراہیم ربانی (علیہ الرحمۃ) کی دینی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کئی سالوں تک حوزہ علمیه اثناء عشریہ کرگل میں بطور استاد و مدرس خدمات انجام دیں اور اس کے بعد جب وہ بطور عربی ٹیچر محکمہء تعلیم میں شامل ہوئے تو ضلع کرگل کے مختلف اسکولوں میں اور بالخصوص اپنے آبائی علاقے علمدار نالہ کے مختلف اسکولوں میں بھی دینی خدمات انجام دیتے رہے اور علوم آل محمد علیہم السلام سے طلاب اور طالبات کے دلوں کو منور کرتے رہے۔

شیخ غلام علی مفیدی نے مزید کہا کہ جمعیت العلماء اثناء عشریہ کرگل مرحوم و مغفور حجت الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم ربانی (علیہ الرحمۃ) کی دینی خدمات کی قدر دانی کرتی ہے اور الله تعالیٰ کے حضور دعا گو ہیں کہ محمد و آل محمد علیہم السلام کے صدقے محروم کی دینی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

مختصر زندگی نامه:

مرحوم و مغفور حجت الاسلام والمسلمین شیخ محمد ابراہیم ربانی (علیہ الرحمۃ) نے اپنی بنیادی تعلیم اپنے علاقے کے بزرگ عالم دین مرحوم و مغفور حجت الاسلام سید محمد شاہ رضوی تکت سے حاصل کی اور تقریباً سال 61-1960ء میں اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کرنے کیلئے شہر علم نجف اشرف کا رخ کیا جہاں 12 سال تک اُس دور کے جید فقہاء و مراجع عظام کی شاگردی میں علوم آل محمد علیہم السلام حاصل کئے۔ سال 1973ء میں کرگل واپسی کے بعد تقریباً 4 سال حوزہ علمیه اثناء عشریہ کرگل میں بطور استاد و مدرس اپنے فرائض انجام دیئے اور اس کے بعد محکمہ تعلیم میں بطور عربی ٹیچر فرائض انجام دیتے رہے۔ اس دوران مرحوم و مغفور نے ضلع کے مختلف اسکولوں میں اپنی دینی خدمات انجام دیں۔

مرحوم و مغفور حجت الاسلام والمسلمین شیخ محمد ابراہیم ربانی (علیہ الرحمۃ) کی تشییع جنازے میں جمعیت العلماء اثناء عشریہ کرگل کے علمائے کرام، امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ میموریل ٹرسٹ سے وابستہ علمائے کرام، مرکز تبلیغات امام رضا (ع) سے وابستہ علمائے کرام، انجمن صاحب الزمان (عج) سے وابستہ علمائے کرام، مرحوم کے آبائی گاؤں کے لوگوں سمیت کرگل کے دیگر علاقوں اور علاقہ علمدار نالہ اور سانکو کے مؤمنین نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے مرحوم و مغفور کی دینی خدمات کو یاد کرتے ہوئے شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .