۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ محمد حسین اکبر

حوزہ/ سویڈن میں قرآن مجید کو جلانے کا واقعہ اس سال کا اسلام دشمنی کا سب سے بڑا واقعہ ہے، جس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، عالم اسلام کو اقوام متحدہ میں قانون سازی کروانے کیلئے ڈٹ جانا ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ادارہ منہاج الحسینؑ اور تحریک حسینیہ پاکستان کے سربراہ ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن مجید کی توہین کھلی دہشتگردی ہے، یورپ اسلام فوبیا کا شکار ہے، سویڈن میں قرآن مجید کی ایک مرتبہ پھر بے حرمتی پر امت مسلمہ میں شدید اضطراب اور غصہ ہے، اسلام کے دشمن سازشوں میں مصروف ہیں، ان کا مقابلہ اتحاد سے ہی ممکن ہے۔ مسلم ممالک مقدسات کی توہین کیخلاف عالمی سطح پر قانون سازی کرائیں اور سویڈن کا سفارتی و تجارتی طور پر مکمل بائیکاٹ کریں۔

علامہ محمد حسین اکبر جو مکہ مکرمہ میں فریضہ حج ادا کرنے کیلئے موجود ہیں نے مزید کہا کہ یورپ کا اسلام دشمنی کا کردار دنیا کو نظر کیوں نہیں آتا؟ سویڈن میں قرآن مجید کو جلانے کا واقعہ اس سال کا اسلام دشمنی کا سب سے بڑا واقعہ ہے، جس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ یورپی دنیا نے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے، عالم اسلام کو ایک پلیٹ فارم سے دوٹوک جواب دینا ہوگا۔ علامہ محمد حسین اکبر نے مزید کہا کہ قرآن مجید کی منظم بے حرمتی مسلم ممالک کیلئے لمحہ فکریہ ہے، سویڈن اس افسوسناک واقعہ پر مسلم دنیا سے معافی مانگے۔ عالم اسلام کو اقوام متحدہ میں قانون سازی کروانے کیلئے ڈٹ جانا ہوگا، اس طرح دنیا میں امن بھی ہوگا اورمقدسات کا احترام بھی ہوگا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .