حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان و مدارس دینیہ کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب میں حمایت فلسطین احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں علمائے کرام و مدارس دینیہ کے طلاب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔
علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ہم فلسطینیوں پر اسرائیل کے اندوہناک مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا: اسرائیل کو انسانی اقدار سے عاری درندگی اور سفاکیت کے لیے جواب دہ ہونا پڑے گا۔ آج کے دن ہم اپنے مظلوم مگر بہادر فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے نکلے ہیں۔
مجلس علماء مکتب شیعہ پاکستان کے مرکزی صدر نے کہا: مظلوم فلسطینیوں کی حمایت ہم سب کا دینی فریضہ ہے، بحیثیت کلمہ گو ہم پر واجب ہے کہ ہم فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے ان کی فریاد اور داد رسی کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔