حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجۃ الاسلام و المسلمین سید شفقت حسین شیرازی نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایم ڈبلیو ایم کے وفد کے ہمراہ مجلس اَعلی اسلامی عراق کے سربراہ سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان اور مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری امورِ خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایم ڈبلیو ایم نجف اشرف کے وفد کے ہمراہ "مجلس اَعلی اسلامی عراق" کے سربراہ ڈاکٹر حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ ہمام حمودی اور انکے وفد سے اتوار کے روز مؤرخہ 24/12/2023 کو ملاقات کی۔ جس میں ملکی و عالمی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کی ابتداء میں علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے سربراہ مجلس اَعلی ڈاکٹر شیخ ہمام حمودی کے بھائی ڈاکٹر عَلاء حمودی کی گزشتہ ہفتے وفات ہوجانے کے سبب دعا اور تعزیت پیش کی اور سربراہ مجلس اَعلی کی خدمت میں چئیرمین مجلس وحدت المسلمین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا سلام پیش کیا۔
اس ملاقات میں پاکستان اور خطے میں ہونے والے تغیرات، ملک بھر میں بےگناہ شیعہ عوام کا قتلِ عام، امریکہ اور اسکے اتحادیوں کا ملک میں اثر و رسوخ، ایم ڈبلیو ایم کی ملک میں حالیہ سرگرمیاں، پاکستان تحریکِ انصاف سے اتحاد، آئندہ آنے والے الیکشن میں ایم ڈبلیو ایم کا کردار اور مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا تاریخی موقف، طوفانِ اقصیٰ کے بعد ایم ڈبلیو ایم کی ملک کے مختلف حصوں میں خصوصی فعالیت اور کانفرنسز اور پاکستان میں ایم ڈبلیو ایم کی تعلیمی سرگرمیوں سمیت دیگر متعدد موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
آخر میں سربراہ مجلس اَعلی، انکے قریبی ساتھیوں اور وزراء کی طرف سے پاکستان کے حوالے سے مختلف سوالات کئے گئے۔ اس نشست کے اختتام پر دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کی بہتری پر بات چیت کی گئی۔