۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
1

حوزہ/ اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد نئی دہلی پولیس نے کہا کہ تحقیقات کے وجود ابھی تک کسی قسم کے دھماکے کے آثار نہیں ملے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دہلی پولیس نے اطلاع دی کہ انہیں آج شام ایک فون کال موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ہندوستانی دارالحکومت میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکہ ہوا ہے، اس جگہ کے آس پاس کے لوگوں نے ایک زوردار آواز سنی اور دہلی فائر ڈپارٹمنٹ کو ہنگامی کال موصول ہوئی۔

دہلی فائر سروس کے ڈائریکٹر اتول گارگ نے بتایا کہ انہیں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب بم دھماکے کی کال موصول ہوئی ہے، لیکن ابھی تک اس مقام پر کوئی ثبوت نہیں ملا ہے جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ وہاں کوئی بم بلاسٹ بھی ہوا ہے، ہندوستانی حکام تاحال علاقے کی تلاشی لے رہے ہیں۔

اس سے قبل خبر رساں ادارے روئٹرز نے اسرائیلی وزیر خارجہ کے حوالے سے خبر دی تھی کہ نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکے کی آواز سنی گئی تاہم سفارت خانے کا کوئی بھی ملازم زخمی نہیں ہوا۔

دہلی پولیس کی کرائم یونٹ کی ٹیم اور فرانزک ٹیم موقع پر موجود ہے، ایک عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کی آواز ٹائر پھٹنے کی طرح تھی، ان کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے کے قریب پیش آیا، انہوں نے مزید کہاکہ یہ شام 5:00 بجے کے قریب ہوا، میں اپنی ڈیوٹی کر رہا تھا اور میں نے ایک زوردار آواز سنی، باہر نکلا تو درختوں کے اوپر سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا، مجھے بس اتنا ہی دکھا۔

واضح رہے کہ 2021 میں بھی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر ایک کم شدت کے دھماکے نے پوری دنیا میں ہنگامہ مچا دیا تھا، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ابھی تک اس کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .