۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
احتجاج

حوزہ/ پارہ چنار یوتھ اور اہلیان پارہ چنار کے زیر اہتمام مسافر گاڑیوں پر حملوں کے خلاف اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پارہ چنار یوتھ اور اہلیان پارہ چنار کے زیر اہتمام مسافر گاڑیوں پر حملوں کے خلاف اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں سکول کے بچوں کی شرکت، شرکاء نے امن وامان قائم کرنے حق میں اور دہشتگردی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، اس موقع پر بچوں نے کتابیں اٹھا رکھیں تھیں، طلباء تاریکی کے چھٹنے اور علم کی شمع روشن رکھنے کے عزم کا اظہار کر رہے تھے۔

احتجاج کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر ساجدی نے کہا کہ ضلع کرم پارہ چنار کے پرامن عوام کے ساتھ کئی دہائیوں سے مظالم کے پہاڑ توڑے گئے ہیں لیکن آج تک کسی نے اس کا ازالہ نہیں کیا الٹا حالات گھمبیر صورتحال اختیار کرتے جا رہے ہیں، افسوس ناک بات یہ ہے کہ مسافر گاڑیوں پر سیکورٹی کے حصار میں حملے کیئے گئے ہیں، بوڑھے والدین کے سامنے سر راہ جوان بیٹے اور بیٹیوں کو شہید کیا گیا ہے، کوئی پرسان حال نہیں ہے کیا ڈاکٹر رقیہ قوم کی بیٹی نہیں تھی، اگر اربابِ اختیار نے ان جان لیوا واقعات میں ملوث سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کو گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک نہ پہنچایا تو یہ احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر شبیر حسین نے کہا کہ مسافر گاڑیوں پر دن دیہاڑے دہشت گردانہ حملے سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں، جس سے عوام میں شدید بے چینی اور تشویش پائی جارہی ہے، ڈاکٹر رقیہ بنت نجف علی سمیت تمام بے گناہ قتل کیئے گئے افراد کا خون ریاست کے کندھوں پر قرض ہے، جنہیں بے دردی کے ساتھ شہید کر دیا گیا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .