حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عصائب اہل الحق عراق کے سربراہ شیخ قیس الخز علی نے غیر ملکی قابض فوجیوں کو فوری طور پر عراق بدر کرنے کیلئے اقوام متحدہ کو درخواست لکھنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ہمارے لوگوں پر مسلسل حملے اور ہمارے ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی، ہماری حکومت اور قوم کی توہین اور تحقیر کی نشانی ہے۔
عصائب اہل الحق عراق کے سربراہ نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ عراقی حکومت مستحکم اور مزاحمتی گروہ عوامی حفاظت پر مامور ہونے کے باوجود، امریکہ اپنی تحقیر آمیز اور غلط حرکتوں سے باز نہیں آ رہا، بلکہ اپنے حملوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بغداد میں حشد الشعبی کے کمانڈروں کو امریکی قابض فوجیوں نے نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں حشد الشعبی کے کمانڈر ابو باقر الساعدی شہید ہوئے ہیں۔