۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
انجمنِ شرعی شیعیان

حوزہ/ مقررین نے کہا کہ اہلبیت نبوی ؐ سے محبت و مودت بالخصوص مولا حضرت امام حسین ؑ سے منفرد عشق و وابستگی کے جرم میں لا تعداد مسلمانوں کو تہہ تیغ کیا گیا اور یہ سلسلہ ابھی بھی ہم فلسطین میں دیکھ رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نواسہ رسول اکرمﷺ حضرت امام حسین ؑ کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے زیر اہتمام قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں ایک شاندار جشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں حوزہ جامعہ باب العلم کے کیمپس کے سینکڑوں طلباء و طالبات کے علاوہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔

جشن کی صدارت انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ملک توفیق حسین نے انجام دئیے۔

آغا حسن موسوی کے علاؤہ جن معززین نے تقریب سعید سے خطاب کیا، ان میں حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی، حجت الاسلام آغا سید محمد حسین الموسوی، حجت الاسلام آغا سید یوسف الموسوی اور حجت الاسلام مولانا غلام محمد گلزار صاحب شامل ہیں۔

خطباء نے حضرت امام حسین ؑ کی سیرت و کردار کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ شعبان المعظم نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؑ، کربلا کی خاتون آہن حضرت زینب الکبریٰ ؑ ،سید الساجدین حضرت امام زین العابدین ؑ، علمدار کربلا حضرت ابا الفضل عباس ؑ اور حضرت علی اکبر ؑ کا ماہ ولادت ہے ان برگزیدہ شخصیات نے حق و انسانیت اور پرچم اسلام کی سربلندی کے لئے تاریخ بشریت میں سب سے بڑے اور صبر آزما کردار و عمل کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہلبیت نبوی ؐ ہر زمانے میں ستمگر اور باطل قوتوں کے مدمقابل رہے۔ اہلبیت نبوی ؐ سے محبت و مودت بالخصوص مولا حضرت امام حسین ؑ سے منفرد عشق و وابستگی کے جرم میں لا تعداد مسلمانوں کو تہہ تیغ کیا گیا اور یہ سلسلہ ابھی بھی ہم فلسطین میں دیکھ رہے ہیں۔

انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر محترم نے محفل کے اختتام پر بہترین کارکردگی دیکھانے والے طلباءو طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .