۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

حوزہ/ علی مسجد جامعتہ المنتظر میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دعا جیسی نعمت سے تمام نعمتیں مل سکتی ہیں،جسمانی عبادات کے علاوہ مالی واجبات کی ادائیگی بھی لازم ہے، زکوٰة و خمس دیے بغیر لباس، مکان اور غذا مکمل طور پر درست قرار نہ پائیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے اللہ تعالیٰ نے انسان کو دعا جیسی نعمت سے نوازا ہے جس سے تمام نعمتیں مل سکتی ہیں۔ارشاد ہوا ہم شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہیں۔مجھ سے مانگو میں عطا کروں گا لیکن تمہیں میری بات بھی ماننا ہوگی۔ احکام پر عمل کرنا ہو گا۔ایمان سے محبت کرنا ہو گی۔ کُلِّ ایمان سے محبت کرنا ہو گی۔روزہ تمام اچھی عادات و خصلات اپنانے کی مشق ہے جن میں دیانت داری، راست گوئی، ادائے امانت سرِ فہرست ہیں۔امانت کی اس قدر اہمیت ہے کہ امام سجاد ؑ فرماتے ہیں اگر میرے والدِ بزرگوار کا قاتل بھی میرے پاس امانت رکھے تو میں واپس کر دوں گا۔

علی مسجد جامعتہ المنتظر میں خطاب کرتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہا سورہ مبارکہ الحجرات میں کافی اخلاقی مطالب و نصیحتیں ہیں جو انسان کے کردار کے لئے اہم بنیادیں ہیں۔ جسمانی عبادات کے علاوہ مالی واجبات کی ادائیگی بھی لازم ہے۔ زکوٰة و خمس دیے بغیر لباس، مکان اور غذا مکمل طور پر درست قرار نہ پائیں گے۔ مالی واجبات کے علاوہ ذاتی مال میں سے بھی اللہ کی راہ میں خرچ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا ضرورت مندوں کی مالی مدد ہونا چاہئے ۔ ہر مانگنے والے پر پیشہ ور بھکاری کا شک نہ کیا جائے ۔ہو سکتا ہے وہ حقیقی ضرورت مند ہو۔ خدا نخواستہ آپ اس کی جگہ ہوتے تو کیا حالت ہوتی؟ نعمتوں کا شکر فقط زبان سے نہیں بلکہ عملی طور بھی لازم ہے۔جس کے پاس جو نعمت ہے وہ اس میں دوسروں کو شریک کرے۔ کامیاب انسان وہ ہے جو اپنے وجود سے دوسروں کو فائدہ پہنچائے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .