حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قزاقوں نے ایک بار پھر بحر ہند میں ایک مال بردار جہاز کو نشانہ بنایا ہے، اس بار انہوں نے بنگلہ دیشی کارگو جہاز ایم وی عبداللہ کو ہائی جیک کر لیا ہے۔ یہ جہاز موزمبیق کی ماپوتو بندرگاہ سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی الحمریہ بندرگاہ کی طرف جا رہا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاز میں تقریباً 58 ہزار ٹن کوئلہ موجود ہے۔ یہ واقعہ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو سے تقریباً 600 میل مشرق میں پیش آیا۔ اسی وقت، اطلاع کا فوری جواب دیتے ہوئے، ہندوستانی بحریہ نے اپنے جنگی جہاز اور ایک لمبی رینج میری ٹائم پیٹرول ایئرکرافٹ (LRMP) کو تعینات کیا۔
بحریہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستانی بحریہ کے مشن نے ایم وی عبداللہ جہاز پر بحری قزاقوں کے حملے کا جواب ایک جنگی جہاز اور ایک ایل آر ایم پی تعینات کر کے دیا، اطلاع ملنے پر ایل آر ایم پی کو فوری طور پر تعینات کیا گیا اور 12 مارچ کی شام کو جہاز کے عملے کے ارکان کے مقام کا پتہ لگانے کے لیے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی،بحریہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جہاز سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔