حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قم المقدس میں رہبر معظم کے دفتر کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمدی عراقی نے قرآن کریم کی 31ویں بین الاقوامی نمائش میں حوزہ علمیہ کے میڈیا اور ورچوئل اسپیس بوتھ کا وزٹ کیا۔
اپنے اس دورہ کے دوران انہوں نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کو دئے ایک انٹرویو میں کہا: بین الاقوامی قرآنی نمائش کے قرآن سے متعلق مختلف شعبوں میں حوزہ علمیہ اور علماء کا کردار انتہائی قابلِ تحسین رہا۔ خواہ وہ تعلیمی اور تحقیقی میدان ہوں یا فنی اور ثقافتی میدان میں، بین الاقوامی سرگرمیاں حوزہ علمیہ کی پیشرفت کی علامت ہیں۔
مجلس خبرگان رہبری کے اس رکن نے مزید کہا: حوزہ علمیہ کی جانب سے اس نمائش میں دو چیزوں نے میری توجہ جلب کی۔ پہلی چیز حوزہ علمیہ کی بین الاقوامی سرگرمیاں ہیں جو حوزہ علمیہ کے بین الاقوامی میدان میں اس کی پیشرفت اور توجہ کو ظاہر کرتی ہیں اور دوسرا نکتہ قرآنی مشاورت کے میدان میں ہے۔ یہ کہ ہم قرآن کریم کو موجودہ زندگی کے تمام شعبوں میں لے کر آئیں، یہ بہت اچھی اور کارآمد چیز ہے۔ اس سے پتا چلتا ہے کہ قرآن کریم ہر زمانے میں تمام انسانی ضروریات کو پورا کر سکتا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین محمدی عراقی نے اپنی گفتگو کے آخر میں ورچوئل اسپیس کے میدان میں قرآنی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا اور لوگوں خاص طور پر نئی نسل کے شکوک و شبہات کا جواب دینے پر بھی تاکید کی۔