حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بانئ انجمنِ شرعی شیعیان جموں و کشمیر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید یوسف الموسوی الصفویؒ کی برسی کی مناسبت سے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے انجمن کی جانب سے مرکزی جامعہ مسجد بڈگام میں مجلسِ ترحیم اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔
انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مجلسِ ترحیم میں خصوصی شرکت کی۔
حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم کے پرنسپل حجت الاسلام والمسلمين آقائے سید محمد حسین الموسوی صاحب نے مرحوم کی گراں قدر خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم و مغفور نے اپنی انتھک کاوشوں کے ذریعے معاشرے میں اسلامی اقدار کو نشاۃ ثانیہ عطا کی اور دینِ حق کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کے قیام اور بقاء میں بھرپور کردار ادا کیا۔
انہوں نے مرحوم و مغفور کی تصانیف کو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ مرحوم کے افکار وخیالات کا بغور مطالعہ کریں چونکہ مرحوم دور اندیش اور بلند افکار کے مالک تھے، جنہوں نے نہ صرف عوام الناس، بلکہ انجمن کے دوام کے لئے بھی ایقاذ العباد جیسا عظیم سرمایہ چھوڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی انجمنِ شرعی کی اطاعت اور فرمان برداری کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے مردِ درویش حجت الاسلام والمسلمین آغا سید مصطفیٰ الموسوی الصفویؒ خانوادہ کی سنت اور ایقاذ العباد کے مطابق زعیم خانوادہ ہوئے، جنہوں نے عزم و استقلال استقامت کا مظاہرہ کرکے اپنے اسلاف کے دینی مشن کو بام عروج تک پہنچایا، جو آج تک جاری و ساری ہے۔ آج بھی کشمیر کے طول و عرض میں دین و شریعت اور ملی مفادات کی حفاظت کے لئے انجمنِ شرعی شیعیانِ دار المصطفیٰ ایک نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور اپنے اسلاف کےعظیم مشن کی آبیاری واستحکام کے لئے کوشاں ہے۔