حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میں حسب سابق دو روزہ حج تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں عازمین حج کی خاصی تعداد نے شرکت کی، عازمین حج کو فریضہ حج کے افعال و ارکان کے ساتھ ساتھ اسلام میں فریضہ حج کی اہمیت سے روشناس کیا گیا۔
اس موقع پر انجمن کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے افتتاحیہ میں فلسفہ حج کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حج کا اجتماع ملت واحدہ کے قرآنی تصور کا بے مثال مظاہرہ ہونے کے ساتھ ساتھ کفار و مشرکین اور ہر طاغوتی نظام سے اعلان برات کا تجدید عہد ہے۔
اس پروگرام کے دوسرے روز بھی حجاج کرام کی خاصی تعداد نے شرکت کی، جنہیں عملی طور پر حج کے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔
اس کیمپ کے اختتامیہ پر حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے حجاج محترم کو الوداعی الفاظ میں کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی ہر مسلمان کی دلی خواہش اور عمر بھر کی دعاؤں کا ثمر ہوتا ہے، لہٰذا ہر حاجی کیلئے لازم ہے کہ وہ فریضہ حج کے ارکان و افعال اور آداب کے ساتھ ساتھ حج سے جُڑے دیگر مسائل کی بھر پور جانکاری حاصل کرے۔
آغا مجتبیٰ نے حاجیوں سے امت مسلمہ کی سرفرازی کے لئے دعا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے پروگرام میں عازمین کی شرکت کا خلوص دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے آغا مجتبیٰ نے حجت الاسلام سید محمد حسین، حجت الاسلام آغا سید یوسف الموسوی اور حجت الاسلام آغا سید محمد حسین صفوی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جنہوں نے عازمین کو فریضہ حج کی تربیت دینے کی سعادت حاصل کی۔