۱۸ شهریور ۱۴۰۳ |۴ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 8, 2024
سید منیر گیلانی

 حوزہ/ سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ پاکستان کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے خانۂ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اصغر مسعودی سے ملاقات کی، ملاقات میں ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور ان کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ پاکستان کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے خانۂ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اصغر مسعودی سے ملاقات کی، ملاقات میں ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور ان کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

منیر گیلانی نے کہا کہ ابراہیم رئیسی کی شہادت سے عالم اسلام ایک نڈر لیڈر سے محروم ہوگیا ہے۔ ابراہیم رئیسی ایک شجاع اور بہادر رہنما تھے۔ان کی شہادت پر پاکستانی قوم افسردہ ہے۔صدر جمہوری اسلامی ایران، وزیر خارجہ حسین عبد اللہیان، امام جمعہ تبریز کی شہادت سے لگا کہ جیسے ہمارے اپنے خاندان کے افراد ہم سے کھو گئے ہوں۔

ایران اور انقلاب اسلامی سے وابستگی کا حوالہ دیتے ہوئے منیر حسین گیلانی نے بتایا کہ وہ تبریز میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ محرم کے دوران عزاداری میں بھی شریک ہوچکے ہیں، جبکہ وہ تحریک جعفریہ کے رہنما کے طور پر موجودہ رہبر معظم اور اس وقت کے صدر آیت اللّہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کا قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کی قیادت میں شاندار استقبال بھی کر چکے ہیں جب وہ 1986ءمیں پاکستان کے دورے پر آئے۔

اصغر مسعودی نے مفکر پاکستان علامہ اقبال کی شاعری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقبال لاہوری ایران نہیں گئے مگر ان کا زیادہ تر کلام فارسی میں ہونے کی وجہ سے ایرانی لوگ انہیں خوب جانتے ہیں۔

انہوں نے سید منیر حسین گیلانی کی سیاسی، سماجی اور قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا اپنا سیاسی تجربہ ہے، کیونکہ وہ پارلیمنٹ کے ممبر رہ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سید منیر حسین گیلانی کی وفاقی وزیر تعلیم کی حیثیت سے خدمات قابل تعریف ہیں کیونکہ تعلیم کسی بھی قو م کی ترقی کے لئے اہم شعبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منیر گیلانی نے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں اور سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے کا اہم قومی فریضہ سر انجام دیا۔

سید منیر حسین گیلانی نے اپنی خودنوشت ”سیاسی بیداری“ بھی انہیں پیش کی اور بتایا کہ ان کی کتاب برصغیر کے تقریباً ایک صدی کے سیاسی اور مذہبی ایشوز کا احاطہ کرتی ہے۔

اصغر مسعودی نے خود نوشت کو سراہتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم آیت اللّہ العظمٰی سید علی خامنہ ای مطالعہ کا شوق رکھتے ہیں۔

پاکستانی سابق وفاقی وزیر تعلیم کی ڈی جی خانۂ فرہنگ ایران سے ملاقات؛ ایرانی صدر اور ساتھیوں کی شہادت سے لگا ہمارے اپنے خاندان کے افراد ہم سے جدا ہو گئے

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .