۱۳ آذر ۱۴۰۳ |۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 3, 2024
علامہ شبیر میثمی

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے انقلاب اسلامی ایران کے بانی اور عظیم رہبر و رہنما حضرت امام خمینی کی 35ویں برسی کی مناسبت سے انہیں شاندار انداز میں خراج عقیدت وسلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی دور اندیش، بابصیرت اور حکیمانہ شخصیت کے مالک تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے انقلاب اسلامی ایران کے بانی اور عظیم رہبر و رہنما حضرت امام خمینی کی 35ویں برسی کی مناسبت سے انہیں شاندار انداز میں خراج عقیدت وسلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی دور اندیش، بابصیرت اور حکیمانہ شخصیت کے مالک تھے۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ ایمان و عمل صالح کی مصداق آفاقی شخصیت تھے، امام خمینی ایک زندہ و جاوید حقیقت اور عظیم فقیہ و مرجع تھے، آپ نے اپنے دور کے ظالم اور باطل حکمرانوں کو للکارا اور ان کے قائم کئے گئے باطل نظاموں کو چیلنج کیا، امام خمینی نے ہمیشہ ہر مظلوم کی حمایت اور ہر جابر کے خلاف قیام کیا، امام خمینی کی فکر ونظر آزادی کی عالمی تحریکوں کے لیے تقویت و جلا کا باعث بنی، فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلومین کے حامی تھے، آزادی فلسطین کے لیے آپ کے عملی کردار کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا بالخصوص عالمی یوم القدس کا اعلان کر کے آپ نے فلسطینی ایشو کو حیات نو بخشتی اور صہیونی ریاست کے ناجائز وجود کے خلاف واضح لائن کھینچ دی، اسرائیل سمیت دنیا بھر کے غاصبوں کے خلاف ان کا موقف ہمیشہ شدید اور اٹل تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ عالم اسلام کے دشمن امریکہ، اسرائیل اور ان کے حواریوں کی شرانگیزیوں کے خلاف آخری دم تک ڈٹے رہے، امام خمینی مسلم امہ کی بقا کو باہمی اتحاد و اخوت سے مشروط سمجھتے تھے، امام خمینی کی عظیم جد وجہد نے ہمیں یہ درس دیا ہے کہ اگر دنیا بھر کے مظلومین اکھٹے ہو جائیں تو ظالم اور ظلم کا خاتمہ ہو جائے گا، امام خمینی نے اسلامی انقلاب اور اسلام کی سر بلندی کی خاطر قید و بند کی صعوبتوں سمیت جلا وطنی بھی برداشت کی، اس راہ مستقیم پر گامزن امام خمینی کے جانثاروں نے اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کیا، آج بھی اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں عالمی طاغوتی طاقتوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند موجود ہے اور یہ انقلاب اسلامی فتح وکامرانی کے ساتھ انقلاب امام زمانہ عجل سے متصل ہو گا۔ان شاءاللہ

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .