بدھ 12 فروری 2025 - 06:00
انقلاب اسلامی نے مسلم معاشروں میں امت واحدہ کے تصور کو اجاگر کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا

حوزہ / ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر نے کہا: امام خمینی (رح) نے سامراجی تسلط کے خلاف عالمی سطح پر افکار میں تغیر اور انقلاب بپا کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، انقلاب اسلامی کی چھیالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے شیعہ علماء کونسل اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے ایک پیغام میں کہا: دنیا کے تمام آزادی پسندوں خاص کر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت خامنہ ای اور ایرانی قوم کو انقلاب اسلامی کی چھیالیسویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا: اس انقلاب نے دنیا میں پسے ہوئے طبقات اور فکری طور پر پسماندہ معاشروں اور سامراجی ظلم و جبر کے مقابلے میں آزادی اور حریت کی تحریکوں کو نیا جذبہ اور حوصلہ دیا ہے۔ عالمی سطح پر جمود کے شکار عوام کو عملی طور پر یہ بتایا ہے کہ اگر قوموں میں بیداری اور اتحاد موجود ہو تو کوئی وجہ نہیں کہ بڑے سے بڑے طاغوت کے مقابلے میں بھی کامیابی حاصل نہ کی جا سکے۔

ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر نے کہا: عظیم انقلابی رہنما بانیٔ انقلاب حضرت امام خمینی (رح) کے افکار نے استعماری اور استکباری سازشوں کے مقابلے میں امت مسلمہ کو وحدت اسلامی کا پیغام دیا۔ جس سے دنیاکے ہر خطے بشمول کشمیر و فلسطین میں امریکہ، اسرائیل، بھارت اور تمام طاغوتی طاقتوں کے جبر کے سامنےآزادی کی تحریکوں میں نیا جذبہ اور ولولہ پیدا ہوا۔ ان کی جدوجہد آزادی میں نئی جان اور طاقت پیدا ہوئی ہے۔

علامہ عارف واحدی نے کہا: انقلاب اسلامی کے بہت زیادہ قیمتی ثمرات ہیں مگر سب سے بڑھ کر عالمی سطح پر جو بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی پیدا ہوئی وہ انتہائی لائق تحسین ہے۔ قرآن کریم کے امت واحدہ کے تصور کو تمام مسلم معاشروں میں عملی طور پر اجاگر کرنے میں انقلاب اسلامی نے بنیادی کردار ادا کیاہے۔ ہمیں توقع ہے تمام امت مسلمہ خاص کر مسلم حکمران اس وحدت امت کی نعمت کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ ہمارے معاشرے سامراجی طاقتوں کے تسلط سے آزاد ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا: پاکستان اور ایران کی دوستی پر ہمیں فخر ہے۔ ہم آپس میں دو بہترین ہمسائے، برادر اور دوست ملک ہیں ہماری دوستی جتنی مضبوط ہو گی ہم اتنے ہی سیاسی، معاشی اور دفاعی طور پر مضبوط اور دونوں ملک امن کا گہوارہ ہوں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha